ہولوکاسٹ کے بیان پر امریکہ نے پولینڈ سے معذرت کرلی

ہولوکاسٹ کے بیان پر امریکہ نے پولینڈ سے معذرت کرلی

 وارسا (این این آئی)پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں تعینات امریکہ کے سفیر نے ہولوکاسٹ کے بارے میں ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کے بیان پر پولش حکام کے احتجاج کے بعد معافی مانگ لی ہے۔امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے سربراہ جیمز کومی نے اپنے ایک مضمون میں کہا تھا کہ ہولوکاسٹ کیلئے جرمنی کے ساتھ پولینڈ کے لوگ بھی ذمہ دار ہیں ان کے اس بیان پر پولینڈ میں طوفان برپا ہوگیا اور پولینڈ کے صدر برونسلا کومورووسکی نے اس پر تنقید کرتے ہوئے ہوئے اسے پولینڈ کی ’توہین‘ قرار دیا۔پولینڈ نے امریکی سفیر کو طلب کرکے باضابطہ شکایت درج کی تھی۔خیال رہے کہ جیمز کومی نے واشنگٹن پوسٹ میں شائع اپنے مضمون میں لکھا تھا کہ ’جرمنی، پولینڈ اور ہنگری اور بہت سے دوسرے مختلف جگہوں کے قاتل اور ان کے شریک کاروں کا خیال ہے کہ انھوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ان کا یہ یقین تھا کہ انھوں نے جو کیا وہ درست چیز تھی۔ امریکی سفیر سٹیفن مل نے پولینڈ کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ہولوکاسٹ کے لیے صرف اور صرف نازی ذمہ دار ہیں جس کے نتیجے میں دوسری جنگ عظیم کے دوران یورپ بھر میں 60 لاکھ یہودیوں کا قتل ہوا۔انھوں نے کہاکہ میں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ہولوکاسٹ کے لیے پولینڈ کسی طرح بھی ذمہ دار ہے جیسے خیالات امریکہ کا موقف نہیں۔انھوں نے پولش زبان میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کیلئے تنہا نازی جرمنی ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہاکہ اس بارے میں مجھے بہت سے کام ہیں اور بہت سی چیزوں کو درست کرنا ہے۔

مزید : عالمی منظر