بنگلہ دیش سے شکست ‘ آئی سی سی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن کا دفاع مشکل ہو گیا

بنگلہ دیش سے شکست ‘ آئی سی سی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن کا دفاع مشکل ہو گیا

 لاہور ( این این آئی) بنگلہ دیش سے ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان کے لئے ساتویں پوزیشن کا دفاع بھی مشکل ہوگیا،بنگلہ دیش کا کلین سوئپ گرین شرٹس کو آٹھویں نمبر پردھکیل دے گا۔پاکستان آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈیز،بنگلہ دیش اور زمبابوے سے اوپر ساتویں پوزیشن پرفائز ہے۔ بنگلہ دیش سے تاریخ میں پہلی بار ون ڈے سیریز کی شکست نے گرین شرٹس کی ساتویں پوزیشن بھی خطرے میں ڈال دی ہے۔ورلڈ چمپئن آسٹریلیا 122پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے کرکٹ کی نمبر ون ٹیم ہے۔ عالمی درجہ بندی میں بھارت دوسری اور جنوبی افریقہ کی تیسری پوزیشن پر فائز ہے۔ ورلڈکپ فائنلسٹ نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر، سری لنکا ایک سوسات اور انگلینڈ 101پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔بنگلہ دیش سے سیریز سے پہلے پاکستان 98پوائنٹس لیکر ساتویں اور ویسٹ انڈیز 92پوائنٹس لیکر آٹھویں نمبر پر تھا۔ بنگال ٹائیگرز سے ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد پاکستان کے پوائنٹس 93ہوگئے ہیں۔ تاہم ابھی اسے ویسٹ انڈیز پر ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے۔ لیکن تیسرے ون ڈے میں شکست اور بنگلہ دیش کے کلین سویپ کی صورت میں گرین شرٹس کے 2مزید پوائنٹس کم ہوجائیں گے اور اس کی 8ویں نمبر پر تنزلی ہوجائے گی۔ جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم ساتویں پوزیشن پر ترقی کرلیگی۔ تنزلی سے بچنے کیلئے اظہرعلی الیون کو آخری ون ڈے جیتنا ضروری ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی