بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ کل ہوگا

بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ کل ہوگا

 میرپور (اے پی پی) بنگلہ دیش اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ (کل) بدھ کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میر پور میں کھیلا جائیگا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان سے پہلے ہی تین میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت چکی ہے۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلی بار ون ڈے سیریز میں شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے، سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے گرین شرٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضی نے کہا ہے کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور پاکستان ٹیم کو تیسرے اور آخری میچ میں بھی شکست دیکر پہلی مرتبہ گرین شرٹس کو کلین سوئپ کرینگے۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کے بعد بنگالی ٹیم کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گئی۔ بنگلہ دیش اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ 24 اپریل کو اسی مقام پر کھیلا جائیگا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 28 اپریل سے 02 مئی تک کھلنا میں کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 06 مئی سے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں شروع ہوگا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے مابین 1986 سے اب تک ہونے والے ون ڈے میچز میں جیت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک دنیا کی مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں 34 ون ڈے میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان نے 31 جیتے اور 3 میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف واحد شکست 1999ء کے ورلڈ کپ میں ہوئی، اس کے بعد رواں سیریز کے پہلے دونوں میچوں میں بنگلہ دیشی ٹیم نے پاکستان کو مات دی ہے۔ اب تک بنگلہ دیش کی سر زمین پر دونوں ٹیموں کے مابین 16و ن ڈے میچز کھیلے گئے جس میں پاکستان کی ٹیم کو دو ون ڈے میچز میں شکست ہوئی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی