انضمام الحق نے کمسن اور نوجوان کرکٹرز کیلئے باقاعدہ تربیت کا آغاز کردیا

انضمام الحق نے کمسن اور نوجوان کرکٹرز کیلئے باقاعدہ تربیت کا آغاز کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 ملتان(آن لائن) کرکٹ کے سلطان آف ملتان انضمام الحق نے اپنے آبائی شہر میں کمسن اور نوجوان کرکٹرز کی باقاعدہ تربیت کا آغاز کردیا ہے اس موقع پر اپنے لیکچر میں انہوں نے واضح کیا کہ پروفیشنل کرکٹر والی مہارت کے حصول کیلئے محنت کرنا پڑے گی انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں 80ٹیسٹ کھیلنے کے بعد بھی اپنی بیٹنگ میں مہارت کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے روزانہ گھنٹوں پریکٹس کرتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی تربیت میں تکنیک کی اصلاح پر توجہ دیں تاکہ ہماری اکیڈمی کے تربیت یافتہ کرکٹرز کو مستقبل میں کسی لیول کی کرکٹ میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کرکٹرز کو نصیحت کی کہ محنت کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں اور نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیں ۔ انشاء اللہ کامیابی مل کر رہے گی اس موقع پر اکیڈمی کے صدر امتیاز ملک اور پراجیکٹ منیجر نوید باقر نے اکیڈمی کے شیڈول کا بھی اعلان کیا ۔  انضمام الحق نے کہا کہ اب تو گراؤنڈ سرسبز ہیں ہمارے دور میں یہاں گھاس کا نام و نشان نہیں تھا بلکہ نوکیلی جڑی بوٹیاں ہمارے جوگرز میں گھس جاتی تھیں تاہم وہ دور جیسا بھی تھا میرے ذہن سے کبھی نہیں نکل سکے گا ۔