کپتان نے اہلیان کراچی کی آزادی کانقارہ بجادیا،عمر ڈار

کپتان نے اہلیان کراچی کی آزادی کانقارہ بجادیا،عمر ڈار

 لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمرڈار نے کہا کہ کپتان عمران خان نے اہلیان کراچی کی آزادی کانقارہ بجادیاجس کسی جماعت کے لوگ پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث ہوں ان کاراستہ ووٹ سے روکناہوگا۔پرامن کراچی محب وطن پاکستانیوں کادیرینہ خواب ہے،عوام اس خواب کوشرمندہ تعبیر کرنے کیلئے اپنے ہاتھ عمران خان کے ہاتھوں میں دیں۔کوئی ملک ڈرکی سیاست کامتحمل نہیں ہوسکتا کراچی کے ضمنی الیکشن میں زراورزور کی شکست فاش نوشتہ دیوار ہے ۔شہرقائد ؒ کے غیورلوگ آزادی سے چند دن کی دوری پر ہیں ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے عمرڈارنے مزید کہا کہ بلے کی کامیابی سے کراچی میں ڈراوردہشت کی سیاست کاسومنات پاش پاش ہوجائے گا ۔بھتہ خوری اورٹارگٹ کلنگ کی نخوست سے نجات کیلئے عوام اپنے ضمیر کی آواز پرکان دھریں اوربلے پرمہریں لگائیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت نے بڑے بڑے فرعونوں کوغرقاب کردیا ۔عمران خان نے عہدحاضر کے فرعونوں کوللکارا ہے ،عوام صرف اپنے نڈر کپتان کی پشت پرکھڑے ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ شہرقائدؒ میں جاری حالیہ آپریشن کے نتیجہ میں کئی چہروں سے جعلی شرافت کے نقاب اترگئے ہیں ، ہرمجرم ایک نہ ایک دن کیفرکردارتک ضرورپہنچتا ہے،پاکستان کی مضبوطی اورتعمیروترقی کیلئے شہرقائدؒ میں سرگرم مافیا کامحاسبہ کرناہوگا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1