حکومت سٹیٹ آفآرٹ طبی ادارے قائم کر رہی ہے،مجتبیٰ شجاع الرحمن

حکومت سٹیٹ آفآرٹ طبی ادارے قائم کر رہی ہے،مجتبیٰ شجاع الرحمن

لاہور(کامرس رپورٹر)وزیرایکسائز و ٹیکسیشن، خزانہ و قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاہے کہحکومت مہلک اور خطرناک بیماریوں کے علاج معالجہ کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی ادارے قائم کررہی ہے اس سال ایمرجنسی وارڈ آپریشنل کرنے کے لئے 650ملین روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ کڈنی ولیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت کے لئے 50 ایکڑ اراضی مختص کر دی گئی ہے جس کے لئے مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ ڈاکٹرز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہصوبائی حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے 2ارب روپے فراہم کئے۔ نوزائیدہ بچوں کوادویات وطبی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے 1.80۔ارب رو پے کے فنڈز فراہم کئے جبکہ صوبہ میں بچوں کے نئے تین ہسپتال قائم کرنے کے لئے12ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے اور متعدی امراض کے کنٹرول کے لیے 2۔ا رب روپے اضافی مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جاتے رہیں گے اور رواں سال مئی تک700بنیادی مراکز صحت میں 24گھنٹے عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ کے تحت معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سرکاری ہسپتالوں اور طبی مراکز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے اور صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے حوالے سے ڈیفڈ کے نمائندے مائیکل باربر نے بھی حکومتی کوششوں کو سراہا ہے اور بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج بہتربنانے پر پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاکہ4ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کی جارہی ہے جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات و ادویات کی بلا معاوضہ فراہمی کے لئے8ارب 75 کروڑ روپے ، گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت برقرار رکھی گئی ہے

جس کے لئے 60 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر اضلاع خصوصا جنوبی پنجاب کے علاقوں کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کئے جائیں گے جس کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1