تحریک انصاف کی وارڈ 9میں بھگیوں پر ریلی ‘ آتش بازی ‘ کارکن رقص کرتے رہے
لاہور( نمائندہ خصوصی) لاہور کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات میں والٹن وارڈ 9میں پی ٹی آئی کے اُمیدوارشیخ بشارت علی کے حلقے میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے ضلعی صدر عبدالعلیم خان کی قیادت میں بگیوں ،گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر قینچی امرسدھومیں ایک بڑی انتخابی ریلی کا انعقاد کیا۔ جہاں نعروں اور نغموں کی گونج میں پارٹی ورکرز ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے اور مہمان خصوصی عبدالعلیم خان ، حافظ فرحت عباس، شیخ بشارت علی اور میؤبرادری کے عمائدین کا بھر پور استقبال کیاگیا۔ والٹن وارڈ 10میں پی ٹی آئی کے اُمید وارچوہدری اختر علی کے جلسے میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان کی موجودگی میں پیپلز پارٹی کے سابق کونسلر غلام سرور قصوری نے تحریک انصاف میں شمولیت اور ساتھیوں سمیت بلدیاتی الیکشن میں بھر پور ساتھ دینے کا اعلان کیا جبکہ میؤبرادری کے برکت مئیو ،نصیر مئیو، عبدالمجید، عارف مئیو، محمد فریاد شیخ، ملک زاہد بشیراور حاجی عمر دین مئیونے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا۔اسی طرح جان محمدنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف کے اُمیدواروں کی انتخابی مہم میں ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔والٹن وارڈ 8میں پی ٹی آئی کے امید وار راؤدلشاد خان کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عبدلعلیم خان نے کہاکہ سرکاری خزانے سے کرپشن اور لوٹ مار کرکے ذاتی کاروبار بڑھانے والے مستر د ہونگے نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے گٹھ جوڑ نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔سرکاری بینکوں کے قرضے معاف کروانے والے عوام کے خیر خواہ بنے بیٹھے ہیں لیکن عوام باشعور ہوچکے ہیں اور انشاء اللہ 25اپریل کو کینٹ کی ہر وارڈ میں جیت بلے کی ہوگی تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان کے مطابق اب عمران خان کا لاہو رکا دورہ 23اپریل بروز جمعرات ہوگا۔ جس کے لیے ضلعی آفس میں منعقدہ ضلع بھر کے عہدے داروں کے اجلاس میں عمران خان کے 23اپریل کے دورہ لاہور کو حتمی شکل دی گئی اور سابقہ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے انتظامات کو زیادہ بہتر بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان23اپریل بروزجمعرات دن 2بجے لاہور پہنچیں گے اور صدر بازار گول چکر، بھٹہ چوک، لالک چوک، پنجاب سوسائٹی ، فیروز پور روڈ اور والٹن روڈ پر پارٹی امیداواروں کے انتخابی دفاترکے باہرخطاب کرینگے پی ٹی آئی کے اجلاس میں ایم پی اے میاں اسلم اقبال، شعیب صدیقی ، میاں حامد معراج، جمشید اقبال چیمہ ، میاں افتخار، منشاء سندھو، اصغر گجر، شاہد صدیق، مہر واجد عظیم ،ظہیر عباس کھوکھر،خالد گجر ، میاں یامین ٹیپو، خواجہ جمشید امام، فرخ جاوید مون، شیخ عامر، مہناز رفیع ڈاکٹر زرقا تیمور، عائشہ خالد ،مسرت جمشید، ڈاکٹر جویریہ، انیلہ ساجد بیگ، ثمینہ سہیل اور غزالہ رفیق، آئی ٹی ایف کے سید راشد ریاض اور ثانیہ کامران نے شرکت کی ۔