حکومت گندم خریداری کا ٹارگٹ 5 ملین ٹن تک بڑھائے،بشارت جسپال
لاہور(نمائندہ خصوصیف) عوامی تحریک پنجاب کا ہنگامی اجلاس صوبائی صدر بشارت جسپال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت گندم خریداری کا ٹارگٹ 5 ملین ٹن تک بڑھائے ،سرکاری گوداموں میں پڑے ہوئے سرپلس سٹاکس کی وجہ سے نجی شعبہ کھلی مارکیٹ سے گندم خریداری میں دلچسپی نہیں لے رہا جس کی وجہ سے گندم کی قیمت کھلی مارکیٹ میں ایک ہزار روپے سے بھی نیچے آ گئی ہے، بہاولپور اور رحیم یار خان کے کاشتکار بری طرح لٹ رہے ہیں اور وہ خصوصی مدد کیلئے حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اجلاس میں نائب صدور پنجاب ،چودھری مظہر دیونہ آصف سلہریہ، حبیب اللہ بٹ، قاری مظہر، سید شاہد شاہ، راجہ زاہد اور ریحان مقبول نے شرکت کی۔ بشارت جسپال نے کہا کہ پنجاب کے کاشتکار چاول ،کپاس اور آلو کی فصلوں میں ناقابل تلافی نقصان برداشت کر چکے ہیں اب گندم کی فصل ان کی آخری امید ہے یہیں سے انہوں نے آئندہ کی کھیتی باڑی کیلئے وسائل حاصل کرنے ہیں اور جسم اور جان کا رشتہ قائم رکھنا ہے، اگر حکومت نے کسان دشمنی ترک نہ کی تو کسان پاؤں پر کھڑا نہیں رہ سکے گاجس کی سزا صنعت اور قومی معیشت بھگتے گی اور پھر آئی ایم ایف کا قرضہ پروگرام حکومت کو سنبھالا دے سکے گا اور نہ ہی چین کی46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مفید ثابت ہوگی۔۔