اسلام آباد ویمن چیمبر کی جانب سے منعقدہ دو روزہ نمائش اختتام پزیر ہو گئی

اسلام آباد ویمن چیمبر کی جانب سے منعقدہ دو روزہ نمائش اختتام پزیر ہو گئی

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)اسلام آباد ویمن چیمبر کی جانب سے تجارت سے وابستہ خواتین کی استعداد میں اضافہ کی غرض سے لگائی گئی دو روزہ نمائش اختتام پزیر ہو گئی۔نمائش میں ڈیڑھ سو سے زیادہ سٹال لگائے گئے تھے جہاں کارپوریٹ، کمرشل، نان گورنمنٹ اور انفرادی افراد و دستکاروں کی نمائندگی کی گئی جبکہ جڑواں شہر اور دیگر مقامات سے تقریباً پچھتر ہزار افراد نے جناح کنونشن سینٹر میں نمائش کا دورہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسلام آباد ویمن چیمبر کی صدر ذکیہ ہاشمی اورسابق صدور ثمینہ فاضل اور فریدہ راشد نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانا ہمارا مشن ہے جس کے لئے نمائشیں منعقد کرنے کے علاوہ ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ہم خواتین کی استعداد بڑھانے کے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کریں گے کیونکہ پاکستان کی ترقی اس کے بغیر ممکن نہیں۔سیاست، کاروبار، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کی خواتین اپنے حقوق اور صنفی مساوات کے عظیم مقصد کے حصول کے لئے متحد ہو کر جدوجہد کریں۔ انھوں نے حکومت سے اسلام آباد میں خواتین کیلئے ایک ایکسپو سینٹر کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔

مزید : کامرس