چینی صدرکا حالیہ دورہ تاریخی اعتبار سے کامیاب ترین دورہ ثابت ہوگا : راولپنڈی چیمبر

چینی صدرکا حالیہ دورہ تاریخی اعتبار سے کامیاب ترین دورہ ثابت ہوگا : راولپنڈی ...

راولپنڈی ( کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید اسد مشہدی نے چین کے صدر شی چن پنگ کے دورہ پاکستان کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے مابین مضبوط تر دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت ملے گی ، دورے کے دوران46ارب ڈالر کے مختلف سمجھوتوں پر دستخط کئے جائیں گے جس سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی مراسم ایک نئی تاریخ رقم کریں گے اور ان سمجھوتوں میں توانائی، انفراسٹرکچر کے علاوہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں جس سے پاکستان میں معاشی انقلاب کی راہ ہموار ہو گی اور دونو ں دوست ممالک کے تجارتی، سفارتی اور سیاسی تعلقات مزید مضبوط ہونگے، راولپنڈی چیمبر چینی صدر کے دورے کو خطے کے مستقبل کے معاشی منظر نامے میں بہت اہمیت دیتا ہے جس سے ملک کی معاشی ترقی کی راہ متعین ہو گی، حالیہ دورہ تاریخی اعتبار سے کامیاب ترین دورہ ثابت ہو گا۔ ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر میں تاجروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔صدر اسد مشہدی نے کہا کہ ذرائع کے مطابق حالیہ دورے میں گیس ، کوئلہ اور شمسی توانائی سے 16,400میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر بھی دستخط کئے جائیں گے ، اس کے علاوہ گوادر پورٹ کو چین سے ملانے کیلئے سڑک اور ریل ٹریک کی تعمیر اور اقتصادی راہداری کے معاملات دورے کے دوران طے کئے جائیں گے جس سے چین کو فائدہ ہونے کے ساتھ پاکستان کی معیشت میں بہتری آئے گی ۔ راولپنڈی چیمبر کے صدر نے کہا کہ 2007میں دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم 2ارب ڈالر تھا جو گزشتہ سال 10ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا اور کاروباری برادری پُر امید ہے کہ حالیہ دور ے سے تجارتی حجم میں گراں قدر اضافہ ہو گا جس کے ثمرات دونوں ممالک کیلئے سود مند ہونگے ۔صدر آر سی سی آئی نے وفاقی وزیر احسن اقبال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 46ارب ڈالر کے مجموعی معاہدوں میں 28ارب ڈالر کے منصوبے فوری طور پر شروع کئے جائیں گے جس سے ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ،ان منصوبوں سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی، بیروزگاری ختم ہو گی ،ملک ترقی کرے گا اور پاک چین دوستی مزید پائیدار ہو گی۔

مزید : کامرس