چیئرمین سرمایہ کاری بو رڈ کا چینی صدر کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم

چیئرمین سرمایہ کاری بو رڈ کا چینی صدر کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم

 لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب سرمایہ کاری بو رڈکے چیئرمین عبدالباسط نے چین کے صدر کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین ‘ پاکستان کا گہرا دوست ہے اوردونوں ممالک کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے بھی گہری ہے۔اپنے خیر مقدمی بیان میں انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے معاشی حالات مستحکم کرنے اور عوامی خوشحالی کیلئے ہمیشہ پاکستان کی مدد کرتا چلا آ رہا ہے۔ عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا چین نے آ گے بڑھ کرمدد کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔انہوں نے کہاکہ گوادر بندرگاہ اور پاکستان کے دیگر بڑے بڑے منصوبوں میں چین کی قیادت اور ماہرین نے عظیم الشان کردار ادا کیا ۔عبدالباسط نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے چینی قیادت سے مسلسل رابطوں کے ذریعے پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی نئی راہیں ہموار ہوئی ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان میں توانائی کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چین ‘پاکستان میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے اور اسے وسعت دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ اور ہماری تاجر برادری کو کلیدی اہمیت دیتا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے صنعتکاروں اور تاجروں سے چینی صدر کی ملاقاتوں کے دور رس نتائج برآمد ہونگے اور پاکستان معاشی اعتبار سے مزید مستحکم ہو گا اور اس کے علاوہ دونوں ممالک کے سربراہان مملکت کو ایک دوسرے کی ضروریات سے بھی آگاہی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید : کامرس