آبیانہ وصولی کے حوالے سے طے شدہ اہداف 30 جون تک مکمل کئے جائیں

آبیانہ وصولی کے حوالے سے طے شدہ اہداف 30 جون تک مکمل کئے جائیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر آبپاشی و چیئر مین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ آبیانہ وصولی کے حوالے سے طے شدہ اہداف 30 جون تک مکمل کئے جائیں تاکہ آبی گزر گاہوں کی تعمیر و مرمت کے لئے مناسب فنڈز دستیاب ہو سکیں ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں پیڈا کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر جنرل منیجر پیڈا چوہدری خاور نذیر ، جنرل منیجر (آپریشن ) ملک محمد طارق ، ڈپٹی جنرل منیجر (آپریشن ) میاں عبدالرشید ، ڈپٹی جنرل منیجر (سوشل موبلائزیشن ) شائق حسین عابدی اور ڈپٹی جنرل منیجر (ایڈمنسٹریشن ) افضل انجم طور کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔صوبائی وزیر نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ آبیانہ وصولی مہم کے تحت آبیاشگان سے واجبات کی وصولی خوش آئند امر ہے تاہم اس سلسلے میں 30 جون تک تمام سرکاری واجبات وصول کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے پیڈا انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فیلڈ افسران کسان تنظیموں سے اپنا رابطہ مزید بہتر کریں۔ تاکہ آبیانہ وصولی مہم سے بہتر نتائج حاصل ہو سکیں ۔ صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے مزید ہدایت کی کہ کسان تنظیموں کے لئے منعقد کروائے جانے والے ٹریننگ پروگراموں میں بھی شرکاء کو آبیانہ کی اہمیت سے موثر انداز میں روشناس کروانے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات پروگرام کی کامیابی کا دارومدار پانی چوری کی روک تھام ، پانی کی منصفانہ تقسیم کے ساتھ ساتھ آبیانہ کی بھر پور وصولی سے منسلک ہے ۔

مزید :

کامرس -