برکی روڈ کی ملکیت کیخلاف درخواست، ڈی ایچ اے سے جواب طلب

برکی روڈ کی ملکیت کیخلاف درخواست، ڈی ایچ اے سے جواب طلب

 لاہور (نامہ نگار خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ نے برکی روڈ کو ڈی ایچ اے کی طرف سے اپنے کنٹرول میں لئے جانے کے خلاف دائر درخواست پر اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے سے جواب طلب کر لیا، عدالت نے ڈی ایچ اے کو موضع لدھڑ میں شہری کی اراضی کے خلاف اقدامات کرنے سے بھی روک دیا۔مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان نے شہری شہزاد احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل سعید اللہ خان نے موقف اختیار کیا کہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی نے نومبر 2009 میں نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت مالکان اپنی اراضی پر تعمیرات نہیں کر سکتے، درخواست گزار نے اپنی 8کنال اراضی پر فارم ہاؤس بنا رکھا ہے اس کی تعمیر و مرمت کرنے جا رہا ہے تا ہم ڈی ایچ اے کے نوٹیفکیشن کے تحت تعمیر و مرمت سے روکا جا رہا ہے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ ڈی ایچ اے کا یہ اقدام بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،ڈی ایچ اے کو درخواست گزار کی اراضی پر تعمیر و مرمت روکنے کے نوٹیفکیشن کو کالعدم کیا جائے، عدالت نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کو درخواست گزار کے خلاف اقدامات کرنے سے روکتے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈمنسٹریٹر ڈی اے ایچ کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

مزید : علاقائی