کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ نمبر 8 سے کونسلر کے آزاد امیدوار کی گرفتاری کا حکم

کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ نمبر 8 سے کونسلر کے آزاد امیدوار کی گرفتاری کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے فراڈ کے مقدمات میں عدالتوں سے دھوکہ کر کے 31مرتبہ عبوری اور حفاظتی ضمانتیں حاصل کرکے مفرور رہنے والے کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ نمبر 8 سے کونسلر کے آزاد امیدوار دلشاد اکبر کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے ، مسٹر جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے ملزم کی عدم گرفتاری پر ایس پی ماڈل ٹاؤن مستنصر علی کی سخت سرزنش بھی کی۔ شہری شیخ ندیم انور کی طرف سے درخواست دائر کی گئی ہے کہ ملزم دلشاد اکبر کے خلاف 2010میں فراڈ کا مقدمہ درج ہوا ،ملزم کے خلاف دیگر تھانوں میں بھی مقدمات درج ہیں، ملزم نے لاہور پولیس کے ساتھ ملی بھگت کر کے سیشن عدالت سے 27مرتبہ عبوری ضمانت جبکہ سندھ اور لاہور ہائیکورٹ سے 4 مرتبہ حفاظتی ضمانت حاصل کی، اب ملزم وارڈ نمبر 8 سے بطور آزاد امیدوار بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہا ہے ، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ 17اپریل کو ملزم کی سیشن عدالت لاہور سے آخری عبوری ضمانت کی درخواست خارج ہوئی، اسی روز رات کو ملزم نے وارڈ نمبر 8میں جلسہ منعقد کیا مگر پولیس نے اسے گرفتار کرنے کی بجائے اسے پروٹوکول دیا، انہوں نے استدعا کی ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا جائے، ایس پی ماڈل ٹاؤن مستنصر علی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاہم ملزم کی لوکیشن کراچی ظاہر ہو رہی ہے، عدالت نے ایس پی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ حیرانگی کی بات ہے کہ پولیس ملزم کو گرفتار کرنے کی بجائے اسے پروٹوکول دے رہی ہے، ایس پی نے استدعا کی کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے مہلت دی جائے، عدالت نے مزید سماعت 28اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف کی جانے والی قانونی کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

مزید :

علاقائی -