رحیق عباسی شیخ، رشید ملاقات،بلدیاتی انتخابات میں باہمی تعاون پر اتفاق

رحیق عباسی شیخ، رشید ملاقات،بلدیاتی انتخابات میں باہمی تعاون پر اتفاق

 لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے گزشتہ روز عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں جماعتوں نے کنٹونمنٹ کے ساتھ ساتھ عام بلدیاتی انتخابات میں متفقہ امیدوار کھڑے کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ ایکشن نہ لیتی تو موجودہ حکمران کبھی بلدیاتی انتخابات نہ کرواتے،بلدیاتی انتخابات کے فنڈز اور اختیارات پر قبضہ چھڑانے کیلئے پوری قوم کو ہم آواز ہونا پڑے گا۔ ان اداروں کو چلانے اور ان کے وسائل اور اختیارات واگزار کروانے کیلئے بھی سپریم کورٹ کو ہی کردار ادا کرنا پڑے گا۔ڈاکٹر رحیق عباسی نے ملاقات کے دوران سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت کے حوالے سے بتایا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں ان کا مکمل طبی معائنہ ہو گا ۔ڈاکٹرز کی رپورٹ آنے کے بعد وہ واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کرینگے۔

مزید : علاقائی