بہتر طبی سہولیات کی فراہمی وزیراعلیٰ کی اولین ترجیح ہے ،سلمان رفیق

بہتر طبی سہولیات کی فراہمی وزیراعلیٰ کی اولین ترجیح ہے ،سلمان رفیق

لاہور(جنرل رپورٹر) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت کے شعبہ کی ترقی وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف اور صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نرسز ہیلتھ سیکٹرکا اہم ستون ہیں،حکومت نرسز کے کریکولم کو ریوائز کرنے کے ساتھ ساتھ نرسز سکولوں کو کالجز کا درجہ دے رہی ہے۔انہوں نے یہ بات یہاں پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے چھٹے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میجر جنرل (ر) ڈاکٹر محمداسلم، پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب وہرہ، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ جنرل (ر) ضیاء الدین بٹ،فیکلٹی ممبران، مختلف میڈیکل کالجوں کے حاضر و ریٹائرڈ پرنسپلز، ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور ڈگریاں حاصل کرنے والے ڈاکٹرز اور ان کے رشتہ دار بھی موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت باتوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور صحت کے شعبہ میں جو اقدامات موجودہ حکومت نے کئے ہیں وہ تاریخی نوعیت ہیں جن کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ بنیادی مراکز صحت، تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں اصلاحات متعارف کرا کے حکومت نے پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کوبہتر بنانے کی مستقل بنیاد فراہم کر دی ہے۔ انہوں نے سپیشلائزیشن کرنے والے ڈاکٹرز پر زور دیاکہ وہ حکومت کی طرف سے پیشکش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں جائیں جہاں انہیں ڈیڑھ لاکھ روپے تک اضافی تنخواہ ملے گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ملک میں سپیشلائزڈ ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے اور میڈیکل سائنس کے مختلف شعبوں میں ریسرچ ورک کرنے والے ڈاکٹرز کو بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے۔ قبل ازیں پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہاکہ پی جی ایم آئی میڈیکل سائنسز کے مختلف شعبوں میں 34ڈگری اور 12ڈپلومہ کورسز کرا رہا ہے اور یہ ادارہ ناصرف پنجاب کی ضروریات پوری کر رہا ہے بلکہ سندھ، کے پی کے، بلوچستان، اسلام آباد، فاٹا، آزادکشمیر، گلگت، بلتستان کیلئے سپیشلسٹ ڈاکٹرز تیار کر رہا ہے۔

مزید : علاقائی