پنجم اور ہشتم میں فیل ہونیوالے طلباء اگلی کلاسوں میں پرموٹ

پنجم اور ہشتم میں فیل ہونیوالے طلباء اگلی کلاسوں میں پرموٹ

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر ) پنجاب ایگزامینیشن کمیشن نے پنجم اور ہشتم میں فیل ہونے والے طلباء کو رعایتی نمبر دیکر اگلی کلاسوں میں پرموٹ کر دیا، نوٹیفیکیشن جاری۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال پانچویں جماعت میں11لاکھ94ہزار159طلبہ نے شرکت کی جبکہ آٹھویں میں9لاکھ62ہزار393امیدواروں نے امتحان دیا، پانچویں کا نتیجہ59.97جبکہ آٹھویں جماعت کا نتیجہ67.99فیصد رہا ہے تاہم مجموعی طور پر دونوں جماعتوں کا نتیجہ75فیصد رہا۔اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر25فیصد فیل ہونے والے طلباء جو پنجم میں 2مضامین جبکہ ہشتم کے امتحانات میں 1مضمون میں فیل ہو ئے انکو پاس کر (جنکی تعداد3لاکھ سے زائد بنتی ہے) دیا گیا ہے اور ان کو مشروط طور پر اگلی جماعتوں میں پرموٹ کردیا گیا ہے جبکہ ان کی کوچنگ کیلئے بھی باقاعدہ حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔موسم گرما کی ہونے والی تعطیلات میں پرموٹ ہونے والے بچوں سے سپلیمنٹری امتحانات بھی لئے جائیں گے۔رابطہ کرنے پرچیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ایگزامینیشن کمیشن ناصراقبال ملک نے بتایا کہ جماعت پنجم اور ہشتم کے بچوں کیلئے پاسنگ مارکس33فیصد ہیں لیکن بچوں کے اعتماد میں اضافہ اور انکی صلاحیتوں میں مزید بہتری پیدا کرنے کیلئے 25فیصد حاصل کرنیوالے طلبا وطالبات کو اگلی جماعتوں میں پرموٹ کردیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جن طلباوطالبات کو مشروط طور پر اگلی جماعتوں میں پرموٹ کیا جائیگا ان کی کوچنگ کیلئے خصوصی طور پر ای ڈی اوزایجوکیشن کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اضلاح میں قائم پرائمری و ایلیمنٹری سکولوں کے سربراہان سے ملکر اگلی کلاسوں میں پروموٹ ہونے والے طلباء کی کوچنگ اور میک اپ کلاس کا اہتمام یقینی بنائیں جبکہ پرموٹ ہونے والے بچوں کے سپلیمنٹری طرز کے امتحانات بھی منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال پہلی بار 15لاکھ بچوں کو بذریعہ ایس ایم ایس جماعت پنجم اور ہشتم کے نتائج سے آگاہ کیا گیا ہے اورآئندہ سال سے تمام طلبا وطالبات کو بذریعہ ایس ایم ایس نتائج کے بارے میں بتایا جائیگا۔

مزید : علاقائی