حوثیوں پر بمباری بند نہ کی گئی توسعودی عرب کیخلاف کارروائی پرمجبور ہونگے ‘ ایران

حوثیوں پر بمباری بند نہ کی گئی توسعودی عرب کیخلاف کارروائی پرمجبور ہونگے ‘ ...

تہران (خصوصی رپورٹ) ایران کی بری فوج کے سربراہ بریگیڈیئر احمد رضا بوردستان نے دھمکی دی ہے کہ یمن میں اگر سعودی عرب نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی بند نہ کی تو تہران ریاض کیخلاف فوجی کارروائی سے گریز نہیں کرے گا۔ ایرانی بری فوج کے سربراہ بریگیڈیئر احمد رضا بوردستان نے دھمکی دی ہے کہ حوثی باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی بند نہ کی گئی تو سعودی عرب کے خلاف فوجی کارروائی سے گریز نہیں کریں گے۔ ایران کی ایک ویب سائٹ پر جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بریگیڈیئر جنرل بوردستان نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ کشیدگی نہیں چاہتا لیکن اسے یمن میں حوثیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن بند کرنا ہوگا۔ سعودی عرب نے یمن میں حوثیوں کے خلاف جاری لڑائی بند نہ کی تو جنگ کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے۔ ایسے میں ہمیں بھی سعودی عرب کے خلاف فوجی کارروائی پر مجبور ہونا پڑے گا۔ خیال رہے کہ ایرانی فوجی عہدیدار کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب کے زیر قیادت یمن میں حوثیوں کے خلاف "فیصلہ کن طوفان" آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے تاہم ایران اور اس کے حلیف بعض ممالک یمن میں سعودی عرب کے فوجی آپریشن کے خلاف ہیں۔ ایسے حالات میں ایرانی جنرل کا کہنا ہے کہ یمن میں سعودی عرب کے فوجی حملے بند نہ ہوئے تو ایرانی طیارے سعودی عرب پر بمباری کریں گے ۔

مزید : صفحہ اول