چینی صدر شی چن پنگ 1953ء میں بیجنگ میں پیدا ہوئے،کھیتی باڑی بھی کی

چینی صدر شی چن پنگ 1953ء میں بیجنگ میں پیدا ہوئے،کھیتی باڑی بھی کی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بیجنگ (نیوز ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ اس وقت 2 روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں شی چن پنگ 1953ء میں بیجنگ میں پیدا ہوئے اور ان کے والد انقلاب چین کی نمایاں شخصیت تھے۔ ان کے والد کا نام ’شی جونگ شن‘ تھا اور وہ کمیونسٹ پارٹی تشکیل دینے والوں میں شامل تھے۔ چینی صدر اور ان جیسے دیگر افراد کو چین میں ’پرنسلنک‘ بھی کہا جاتا ہے یعنی وہ سینئر افسران جن کی کامیابی میں ان کے خاندانی بیک گراؤنڈ کا بھی کسی قدر ہاتھ ہو۔ ان کے والد کو 1962ء میں ڈپٹی پریمیئر کے عہدے سے علیحدہ کرکے جیل میں ڈال دیا گیا۔ اس وقت شیچن پنگ کی عمر 15 سال تھی، انہیں دور دراز ایک گاؤں ’لیانگ جیاہی‘ بھیج دیا گیا جہاں وہ 7 برس تک رہے۔ وہ خود اعتراف کرتے ہیں کہ گاؤں میں انہوں نے کسانوں کے شانہ بشانہ کام کرکے جو وقت گزارا اس نے ان کی زندگی پر گہرے اثرات چھوڑے۔ پھر انہوں نے بیجنگ کی ’سنگھوا یونیورسٹی‘ سے کیمیکل انجینئرنگ کی۔ خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق انہوں نے کم از کم 9 مرتبہ کمیونسٹ پارٹی میں شمولیت کی کوشش کی لیکن ہر مرتبہ ان کے والد کے معاملات کی وجہ سے مسترد کردیا جاتا۔ بالآخر 1974ء میں انہیں پارٹی میں شامل کرلیا گیا۔شی چن پنگ نے 1987ء میں مشہور چینی فوک گلوکارہ ’پینگ لی یوآن‘ سے شادی کی۔ ان کی بیگم کے پاس آرمی جنرل کا رینک بھی ہے اور اس زمانے میں شی چن پنگ سے ان کی اہلیہ کئی زیادہ مشہور تھیں، ان کی بیٹی کا نام ’شی مینگ زے‘ ہیں جو کہ میڈیا کے مطابق اس وقت امریکہ میں تعلیم حاصل کررہی ہے۔ 2007ء میں شنگھائی کے پارٹی چیف کو کرپشن پر برطرف کیا گیا تو یہ عہدہ شی چنپنگ کے پاس آگیا۔ شی چن پنگ کا عمومی تاثر یہ ہے کہ وہ نجی کاروباروں کے حامی ہیں اور معاملات میں حکومت کی بہت زیادہ دخل اندازی پر یقین نہیں رکھتے۔ 2012ء میں انہوں نے پارٹی قیادت سنبھالتے ہی کرپشن کے خلاف جنگ کا اعلان کیا تھا اور میڈیا کے مطابق بڑی حد تک وہ اپنے وعدے پر پورا بھی اترے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -