انشاء اللہ 23اپریل حق پرستوں کی تاریخی فتح کا دن ہوگا ،الطاف حسین

انشاء اللہ 23اپریل حق پرستوں کی تاریخی فتح کا دن ہوگا ،الطاف حسین

لندن(این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ کی تائید اورعوام کی حمایت سے 23اپریل حق پرستوں کی تاریخی فتح کا دن ہوگا ۔اس روز باطل پرستوں کے تمام جھوٹے چراغ بجھ جائیں گے اورالطاف حسین کاجلایاہواحق پرستی کا چراغ جلتا رہے گا ۔ انہوں نے یہ بات اتوار کی شب جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں میوزیکل پروگرام کے ہزاروں شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہی جن میں بزرگ ،خواتین ،نوجوان طلبا وطالبات اور بچوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔ الطاف حسین نے اس موقع پر طلبہ وطلبات پر زور دیا کہ وہ دل لگا کر تعلیم حاصل کریں اور اپنے والدین کے نقش قدم پر چل کر اپنا اور اپنے خاندان کا نام روشن کریں ۔ الطاف حسین نے کہا کہ آج کل امتحان میں نقل کا دور چل رہا ہے لیکن آپ کونہ چیٹنگ کرنی ہے نہ چیٹر بننا ہے ۔ اگر میں کراچی میں موجود ہوتا تو ایک کالج سے دوسرے کالج جاتا اور طلبہ کوان ذہنوں سے شارٹ کٹ سے کامیابی حاصل کرنے کاخیال نکالتا ،ان کے ذہنوں کو صاف کرتا اورکہتا کہ خوب محنت کر و خواہ جھاڑو لگاؤ، محنت کی کمائی بھیک سے بہتر ہے لہٰذا محنت سے کسی کام کرنے میں شرم محسوس نہ کرو۔ انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہاکہ میں بسوں، منی بسوں میں سفر کرتا تھا اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر بسوں میں لٹک کر سفر کرتا تھا اورشام کو ٹیوشن پڑھاتا تھا ، ٹیوشن پڑھا کر پہلے سائیکل خریدی پھر 10سال پرانی ہنڈا ففٹی موٹر سائیکل خرید ی اور محنت کی وجہ سے ہی آج تحریک کو یہاں تک پہنچادیا ۔آج اللہ کے کرم سے پوری دنیامیں ایم کیوایم کے چاہنے والے موجود ہیں ۔انہوں نے اجتماع میں موجود لڑکیوں کیلئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی حفظ وامان میں رکھے،آپ کو خوش رکھے ،آپ کامستقبل اچھا کرے جن کی شادیاں نہیں ہوئی ہیں ان کوا للہ نیک اور اچھے رشتے عطا کر ے ۔

مزید : صفحہ اول