اقبال ٹاؤن عمر بلاک میں سڑکوں کے بیچ ورک شروع کروایا جائے، عبدالباری
لاہور( لیڈی رپورٹر) عمر بلاک ویلفیئر سوسائٹی علامہ اقبال ٹاؤن کے عہدیداران و رہائشیوں نے حکومت پنجاب سے کہا ہے کہ وہ علامہ اقبال ٹاؤن بالخصوص عمر بلاک میں سڑکوں کے بیچ ورک اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے کام کو فوری شروع کرائے۔ عمر بلاک ویلفیئر سوسائٹی کا ایک اہم اجلاس سوسائٹی کے صدر عبدالباری بھٹی کی صدارت میں منعقدہوا۔ اجلاس میں سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری محمد شکیل اور پریس سیکرٹری شیخ وحید سمیت علاقہ بھر کے اہم اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر متفقہ طور پر منظور کردہ قرارداد کے ذریعے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ یونین کونسل 109 میں سڑکوں کے پیچ ورک اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے کام کو یقینی بنانے کے لئے میونسپل حکام سمن آباد کو فوری طور پر ہدایات دیں۔ قرارداد میں یہ کہا گیا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ سمن آباد ٹاؤن کے میونسپل ارباب اختیار عوام کے درپیش مسائل کو حل نہیں کر رہے ہیں ۔ جس سے حکومت کی نیک شہرت کو بدنام کیا جارہا ہے اور علاقہ کے مکینوں میں مایوسی‘ بددلی اور بے چینی پھیل رہی ہے۔ عوام سڑکوں میں پڑے ہوئے گڑھوں کی بناء پر روزانہ حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پورا علامہ اقبال بالخصوص عمر بلاک سٹریٹ لائٹس کے بغیر سماج دشمن عناصر ’’ڈاکوؤں‘‘ کے رحم و کرم پر اندھیروں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ علاقہ میں بڑھتے ہوئے جرائم کی ایک بڑی وجہ سٹریٹ لائٹس کا نہ ہونا بھی ہے۔