ون ویلنگ کے خلاف خصوصی ٹیم ،103 ویلرز کو گرفتار کیا گیا

ون ویلنگ کے خلاف خصوصی ٹیم ،103 ویلرز کو گرفتار کیا گیا

لاہور (وقائع نگا ر خصو صی ) چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ کے خلاف ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے خصوصی مہم کے دوران ابتک103ون ویلرز کو گرفتار کرکے انکے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرادئے ہیں۔سی ٹی او نے کہاکہ ون ویلنگ کے خاتمے کیلئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے،اس سے قبل شہر بھر میں ون ویلنگ کے بارے میں آگاہی تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مختلف طبقہ فکر سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ٹریفک پولیس کی اس کاوش کو سراہا ۔ سٹی ٹریفک پولیس کے خصوصی اسکواڈز نے ابتک103 ون ویلرز کی ویڈیو فلم اور دیگر شواہدمحفوظ کرکے ان افراد کو مختلف تھانوں کے حوالے کردیا گیا جن کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں ۔انہوں نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ سے روک کر انکی زندگی اور قوم کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچائیں۔

مزید : علاقائی