چوری ڈکیتی کی متعدد وارداتیں ،مزاحمت پر ایک خاتون کو زخمی کر دیا گیا
لاہور(کرائم سیل) صوبائی دارالحکومت میں چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی زیورات اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم کر کے مزاحمت پر ایک خاتون کو گولی مار دی ۔ذرائع کے مطابق سندر کے علا قے میں علی اپنی ہمشیرہ صوبیہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر مارکیٹ جارہا تھا کہ دوموٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے نقدی اور موبائل چھین لیا جبکہ مزاحمت پر علی کی بہن صوبیہ کو گولی مار کر زخمی کر دیا ۔گلشن راوی بی بلاک کے رہائشی فرقان اور اسکے بھائی کے گھر سے تین ڈاکو 60لاکھ کی نقدی ، زیورات اور قیمتی سامان لیکر فرار ہوگئے۔سٹی رائیونڈ جیابگا میں واقع حنیف کی حویلی میں 8ڈاکو گھس آئے اور حنیف کو اغوا کر کے قریب ہی واقع اسکے گھر لے گئے جہاں سے آٹھ لاکھ لوٹ کر فرار ہوگئے۔ نشتر کالونی دیو کلاں پنڈ کے رہائشی رفیق کے گھر سے 7ڈاکو ایک لاکھ نقدی اور موٹرسائیکل لے گئے۔ فیصل ٹاؤن میں لیاقت کی دکان سے تین ڈاکو 27ہزار اور سبزہ زار میں تنویر کی دکان سے تین ڈاکو 19ہزار کی نقدی لوٹ کر لے گئے۔ہیئر بیدیاں روڈپر واقع میجر ظفر کے گھر سے چور 60لاکھ اور ستوکتلہ این ایف سی سوسائیٹی میں وقار کے گھر سے 20لاکھ کی نقدی زیورات چوری کر لئے گئے ڈاکوؤں نے شاہدرہ ٹاؤن میں کامران سے 70ہزار،ڈیفنس بی میں رانا عمران سے 65ہزار اور لوئرمال میں عثمان اور اسکے دوستوں سے 50ہزارکی نقدی اور موبائل چھین لیا۔ علاوہ ازیں کا ہنہ میں محمود ، باٹا پور سے امتیاز ،ڈیفنس بی میں فاروق ،فیکٹری ایریا میں ابرار ،قلعہ گجر سنگھ میں طارق ،مغل پورہ میں سلمان ،مزنگ میں ذوہیب ،شاہدرہ میں عابد ،نشتر کالونی میں ساجد ،اسلام پورہ میں ارشد ،شاد باغ میں عدنان ،نواں کوٹ میں نبیل ،مسلم ٹاؤن میں ماجد ،ٹاؤن شپ میں اعجاز ،سبز ہ زار میں اسلام دین ، شاد مان میں حسن کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔