غازی آباد ،متعدد وارداتوں میں ملوث کرامت ڈکیت گینگ کا سر غنہ اور ساتھی گرفتار

غازی آباد ،متعدد وارداتوں میں ملوث کرامت ڈکیت گینگ کا سر غنہ اور ساتھی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (کرائم سیل ) ڈی آئی جی آپریشنزڈاکٹر حیدر اشرف کی شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت پرایس ایچ او غازی آباد انسپکٹر محمد عتیق ڈوگر اور ان کی ٹیم نے گن پوائنٹ پر ڈکیتیوں اور متعدد وارداتوں میں ملوث کرامت علی ڈکیت گینگ کا سراغ لگا کر سرغنہ سمیت دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضہ سے لیپ ٹاپ ،موبائل فونز، دو پسٹلز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایس پی کینٹ محمد ندیم کھوکھر کے حکم پر ڈی ایس پی نارتھ کینٹ سرکل منصور الحسن نے ایس ایچ اوغازی آباد انسپکٹر عتیق ڈوگر کی سربراہی میں سب انسپکٹر وسیم اقبال، اے ایس آئی فریاد احمد ،کانسٹیبل محمد آصف، وقار، برکت اور محسن اور عدنان احمد پر مشتمل پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی اورپولیس ٹیم کو غازی آباد، شمالی چھاؤنی اور ہر بنس پورہ میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث کرامت علی ڈکیت گینگ کا سراغ لگانے کاحکم دیا۔جس پر ایس ایچ اوغازی آباد انسپکٹر عتیق احمدڈوگر اور ان کی ٹیم میں شامل پولیس اہلکاروں نے شب وروز محنت اور ماہرانہ منصوبہ بندی کر کے غازی آباد سٹاپ کے قریب خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا اور کرامت ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل ،1لیپ ٹاپ، 4موبائل فونزاور 2 پسٹلز برآمد کر لئے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان کرامت علی اور غلام فرید نے پولیس کو بتایا کہ وہ چوکی گلدشت ٹاؤن پپسی روڈ کے رہائشی ہیں ۔ملزمان میں سے ایک رکشہ ڈرائیور اور دوسرا فیکٹر ی ملازم ہے جن کی آپس میں دوستی ہوگئی اور دونوں نے گن پوائنٹ پر ڈکیتیا ں کرنے کا ارادہ کرلیا ۔ملزمان سے5مقدمات ٹریس ہوئے جن کومزید تفتیش کے لئے شعبہ ہائے تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں مزیدمقدمات ٹریس اور برآمدگی کی توقع ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کرامت علی ڈکیت گینگ کی گرفتاری پر خصوصی پولیس ٹیم کے لئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -