پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوگیا ہے جس سے چین کے صدر شی چن پنگ خطاب کریں گے ۔
اس موقع پر دونوں ممالک کی خواتین اول ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،چاروں صوبوں کے گورنر اور وزرائے اعلیٰ ، عمران خان ، شیخ رشید احمد ، آفتاب شیرپاﺅ اور دیگر پارلیمانی رہنماءبھی پارلیمنٹ ہاﺅس میں موجود ہیں ۔
پارلیمنٹ ہائوس پہنچنے پر وزیراعظم نواز شریف نے مہمان صدر کا پرتپاک استقبال کیا جس کے بعد چین کے صدر نے سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ سے ملاقات کی ۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کاکہناتھاکہ یہ ہمارے لیے تازیخ ساز لمحہ ہے کہ آپ ہمارے درمیان موجود ہیں، ملاقات میں اعتزاز احسن اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ بھی موجود تھے ۔ دونوں ممالک کے پارلیمانی رہنماؤں نے ملاقات کی ۔
چینی صدر کاکہناتھاکہ سپیکر اور چیئرمین سینٹ پاکستان کے مدبر سیاستدان ہیں،ملاقات باعث مسرت ہے، پاک چین دوستی سٹریٹجک پارٹنر شپ میں بدل رہی ہے ، دونوں ممالک کی دوستی ہرآزمائش پر پوری اتری ہے اور آئندہ نسلوں کیلئے اثاثہ ہے ۔
سپیکر اور چیئرمین سینٹ سے ملاقات کے بعدپارلیمنٹ ہائوس میں چینی صدر اور وزیراعظم پاکستان نے سولر انرجی منصوبے کا افتتاح کیا جس کے تحت پارلیمنٹ ہائوس کو شمسی توانائی پر منتقل کیاجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چین کے صدر کے خطاب کے پیش نظر پارلیمنٹ ہاﺅس کی طرف جانیوالے تمام راستے بند کردیئے گئے جبکہ عمارت میں داخلے کے لیے صرف دومخصوص راستے کھلے چھوڑے گئے ہیں ، اس موقع پر سیکیورٹی کی ذمہ داری 111بریگیڈنے سنبھال لی ہے ۔