دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں: چینی صدر

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں: چینی صدر
دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں: چینی صدر

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چینی صدر شی چن پنگ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں،چینی عوام کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام لایا ہوں، چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دے گا۔

دورے کے دوسرے روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی چنگ پن نے کہا کہ پاکستان آنے کی دعوت دینے پر وزیراعظم میاں نواز شریف کا بہت مشکور ہوں، پاکستان اور چین کی دوستی نسلوں پر مشتمل ، ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے اور یہ دوستی دونوں ممالک کی آئندہ نسلوں کے لیے اثاثہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت ہمارے لیے اعزاز ہے اور مشترکہ اجلاس سے خطاب کی دعوت دینے پر وزیراعظم میاں نواز شریف اور سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کا مشکور ہوں۔ہم پاکستان کو اپنا آئرن برادر سمجھتے ہیں،پاکستان آنا میرے لیے بھائی کے گھر آنے جیسا ہے۔ اپنے شاندار استقبال سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی سے میں اور میرا وفد بہت متاثر ہوئے ہیں۔پاکستان کے عوامی بہادر، باصلاحیت اور اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ ہے اور پاکستان نے اس جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔مجھے وہ وقت بھی یاد ہے جب چین دنیا میں بالکل اکیلا تھا، پاکستان نے اس مشکل وقت میں چین کے لیے فضائی راستہ کھولا،پاکستان نئے چین کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک تھا۔

قدرتی آفات اور ہر مشکل میں پاکستان نے چین کا بھرپور ساتھ دیا۔پاکستان کے پاس ایشیئن ٹائیگر بننے کا موقع ہے اور اس سفر میں چینی عوام پاکستانیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔اقتصادی راہ داری سے پاکستان کے لیے ترقی کے راستے کھلیں گے۔شاہراہ قراقرم دو تہذیبوں کے درمیان بندھن ہے۔افغانستان کے معاملے پر پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

مزید : قومی /Headlines