” میں نے 4 بار کہا کہ میں تنخواہ نہیں لیتا لیکن میرے ساتھی ججز۔۔۔ “ چیف جسٹس نے ایک بار پھر قوم کے دل جیت لیے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ انہوں نے 4 بار کہا کہ وہ اپنی تنخواہ وصول نہیں کریں گے لیکن ساتھی ججز نے کہا کہ اس اقدام سے باقی ججز کیلئے مسائل پیدا ہوں گے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ایوان اقبال میں یوم اقبال کے حوالے سے تقریب سے خطاب کیا اور کھل کر اظہار خیال کیا۔ چیف جسٹس کے خطاب کے اختتام پر ایک شخص نے اٹھ کر چیف جسٹس سے تنخواہ سے متعلق سوال پوچھا، چیف جسٹس نے انتہائی تحمل کے ساتھ اس شخص کی بات سنی اور کہا ” میں نے 4 بار کہا ہے کہ میں تنخواہ نہیں لوں گا لیکن میرے ساتھی ججز کہتے ہیں کہ میرے اس اقدام سے باقی ججز متاثر ہوں گے، میں ہر چیز چھوڑنے کیلئے تیار ہوں، میرے پاس جو بھی ہے اپنے ملک کیلئے قربان کرنے کو تیار ہوں“۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریٹائرڈ لوگوں ، اعزازی طور پر کام کرنے والے عہدیداروں اور سیاستدانوں میں سے اکثر لوگ یہ روایت اپناتے ہیں کہ وہ اپنے عہدے پر کام کی تنخواہ نہیں لیتے یا پھر کسی ٹرسٹ کو دے دیتے ہیں ۔