فواد عالم کو سلیکٹ کرنے کیلئے ہی کیمپ میں بلایا تھا ،اگر کوئی اس ٹور میں منتخب نہیں ہوسکا تو اگلی بار ٹیم کا حصہ بن جائے گا: سرفراز احمد
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ فواد عالم کو سلیکٹ کرنے کیلئے ہی کیمپ میں بلایا تھا لیکن 25 میں سے صرف 16 لڑکے ہی منتخب کرنے ہوتے ہیں، یہ تمام 25 لڑکے ٹیم کا حصہ ہیں ، اگر کوئی اس ٹور میں منتخب نہیں ہوسکا تو اگلی بار ٹیم کا حصہ بن جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے حوالے سے ٹیم پلان اور لڑکوں کی سلیکشن پر بریفنگ دی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی سلیکشن اچھی ہوئی ہے اور ہمیں امید ہے کہ دورہ کامیاب رہے گا، ہر کھلاڑی کو میرٹ پر سلیکٹ کیا ہے، ٹیم میں نئے لڑکے ہیں ، سب اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، کوشش کر رہے ہیں کہ ٹیم کو زیادہ سے زیادہ اعتماد دیاجائے امید ہے کھلاڑی اچھی کارکردگی کامظاہرہ کریں گے۔
فواد عالم کی سلیکشن نہ ہونے کے معاملے پر کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ فواد کو اس کی پرفارمنس دیکھ کر ہی کیمپ میں بلایا تھالیکن ٹیم میں ہر کوئی سلیکٹ نہیں ہوتا، تکنیک کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ٹیم کیلئے 16 کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہوتا ہے، میرا بس چلے تو 25 کو منتخب کرلوں۔ کوئی بھی لڑکا ایسا نہیں تھا جنہیں صرف کیمپنگ کیلئے بلایا گیا ہو بلکہ تمام 25 لڑکے ٹیم کا حصہ ہیں کوئی اگر اس ٹور میں منتخب نہیں ہوسکا تو اگلے ٹور میں منتخب ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ ان فٹ ہے اور انگلینڈ کی کنڈیشنز کے مطابق اگر ہمارے پاس یاسر ہوتا تو اسے لے کر جاتے لیکن اس کی غیر موجودگی میں ہم نے 4 سپنرز کو بلایا اور ان میں سے شاداب کو منتخب کیا کیونکہ اس کی گیند بازی میں ورائٹی موجود ہے، حارث سہیل اور اسد شفیق کا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ بطور کپتان مجھے اپنی ٹیم پر پورا بھروسہ ہے ، پہلے بیٹنگ آتی ہے اور اگر تسلی بخش سکور نہیں کرپاتے تو ہماری بالنگ میں اتنا دم ہے کہ ہم میچ میں فائٹ کرسکیں۔
آئرلینڈ کے ساتھ میچ پر سرفراز احمد نے کہا کہ آئرلینڈ کی ٹیم کافی مضبوط ہے اور ان کے لڑکے ریگولر کاﺅنٹی کھیلتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے ساتھ ہمارا میچ اچھا ہوگا۔
قومی ٹیم کی دورہ انگلینڈ کیلئے روانگی سے قبل واہگہ بارڈر جانے کے حوالے سے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ واہگہ بارڈر پر جانے کا مقصد یہی ہے کہ وہاں جا کر تھوڑی سی تحریک ملتی ہے، پریڈ دیکھ کر اور نعرے سن کر جوش آتا ہے ۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ ٹیم کو لے کر داتا صاحب کیوں نہیں جاتے جس پر سرفراز احمد نے ہنستے ہوئے کہا کہ داتا صاحب والا کام لڑکے اپنے طور پر خفیہ طریقے سے کرتے رہتے ہیں۔