اس نوجوان نے 46 کلو وزن کم کرلیا اور ساتھ ہی باڈی بھی بنا لی، کیا کھاتا تھا؟ خوراک جان کر آپ کو یقین نہیں آئے گا کہ ایسا بھی ممکن ہے
نئی دلی(نیوز ڈیسک)اگر کوئی شخص پہلوان بننا چاہے تو مکھن، گھی اور ناریل کے تیل جیسی خوراکیں کھائے، لیکن یہ کیا؟ اس نوجوان نے تو گھی اور مکھن کھا کر اپنا موٹاپہ ختم کر ڈالا ہے۔ یہ جادوئی کرتب دکھانے والے بھارتی نوجوان کا نام آرپیت پیپرسانیا ہے جس کا کہنا ہے کہ اس نے دو سال کے دوران اپنے وزن میں 46کلوگرام کی کمی کی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق آرپیت نے اپنے موٹاپے میں کمی کی کہانی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو سال کے دوران اس نے کسی پروفیشنل انسٹرکٹر کی مدد نہیں لی بلکہ اپنے وزن میں کمی کے لئے خود ہی کوشش کرتا رہا ہے۔ موٹاپے میں کمی کے خواہشمند لوگ گھی اور مکھن جیسی چیزوں سے دور بھاگتے ہیں لیکن آرپیت کا کہنا ہے کہ وہ ان غذاؤں کا باقاعدگی سے استعمال کرتا رہا ہے۔
سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کرنے والے 24 سالہ آرپیت کا وزن دو سال قبل 109کلوگرام تک پہنچ چکا تھا۔ اس کا کہنا ہے کہ 2016ء میں اس نے اپنے وزن میں 20کلوگرام کی کمی کی جبکہ 2017ء میں مزید 26 کلوگرام وزن کم کیا۔ آرپیت نے بتایا کہ وہ ناشتے میں دال یا سبزی اور اس کے ساتھ گھی یا مکھن استعمال کرتے تھے اور اگر کبھی گھی یا مکھن کو دل نہیں چاہتا تھا تو ناریل کا تیل استعمال کرتے تھے۔ وہ دال یا سبزی کو چاول یا روٹی کے ساتھ کھاتے تھے۔ دوپہر کے کھانے میں وہ پنیر، چقندر، آلو، چاول جیسی غذاؤں کا استعمال کرتے تھے اور انہیں بھی گھی، مکھن یا ناریل کے تیل کے ساتھ استعمال کرتے تھے۔ سہ پہر کے وقت ہلکی پھلکی بھوک مٹانے کے لئے وہ بادام، دودھ، دہی یا سیب استعمال کرتے تھے۔ رات کے کھانے میں ایک بار پھر دال یا سبزی گھی ، مکھن یا ناریل کے تیل کے ساتھ استعمال کرتے تھے۔
آرپیت نے مزید بتایا کہ اس بھرپور غذا کے ساتھ باقاعدہ ورزش ان کے وزن میں کمی کے لئے بہت مفید ثابت ہوئی ہے۔ وہ روزانہ کم از کم 35 منٹ اور زیادہ سے زیادہ 70 منٹ ورزش کرتے رہے ہیں۔ سبزیوں اور پھلوں کا بھی انہوں نے بکثرت استعمال کیا ہے اور خصوصاً اپنے جسم میں پانی کی کمی کبھی نہیں ہونے دی۔