شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس، عبد القادر بلوچ ن لیگ بلوچستان کے قائم مقام صدر نامزد
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سلسلے میں منعقد ہونے والے اجلاس میں عبد القادر بلوچ کو بلوچستان کا قائم مقام صدر نامزد کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں قائم مقام عہدوں پر ن لیگ کے رہنماوں کی نامزدگی عمل میں آئی۔ جمال شاہ کاکڑ اور میر افضل مندو خیل کو قائم مقام سینئر نائب صدور کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔اجلاس میں قائم مقام جنرل سیکریٹری کے عہدے کے لیے سیدال خان ناصر نامزد کیے گئے جب کہ یونس خان بلوچ پارٹی کے قائم مقام ایڈیشنل جنرل سیکریٹری اور فرید افغان خان ن لیگ بلوچستان کے قائم مقام سیکریٹری اطلاعات نامزد ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ثنا اللہ زہری نے ہمیشہ لگن اورجذبے کے ساتھ کام کیا ہے اور وہ پارٹی کے ساتھ ہر موقع پر کھڑے رہے ہیں۔ نوازشریف کی قیادت میں سب نے پارٹی کی مضبوطی کے لیے کام کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ سب نے مل کربلوچستان میں پاکستان ن لیگ کومضبوط بنانا ہے، میں اس سلسلے میں جلد ہی کوئٹہ کا دورہ بھی کروں گا۔