برلن میں دوسری عالمی جنگ کا بم برآمد، ہزاروں افراد کا انخلا،ریلوے سٹیشن بند
برلن(این این آئی)جرمن دارالحکومت کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے ارد گرد سے ہزاروں افراد کو نکال لیا گیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن حکام نے اس 500 کلوگرام وزنی بم کو ناکارہ بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے، جو دوسری عالمی جنگ کے دوران برطانیہ کی طرف سے گرایا گیا تھا۔ یہ بم اس وقت ملا تھا، جب ایک عمارت کی تعمیر کے سلسلے میں کھدائی کا عمل جاری تھا۔ متاثرہ مقام کے ارد گرد800 میٹر کے دائرے میں موجود تمام عمارتوں کو خالی کروا لیا گیا ہے جبکہ بم کو ناکارہ بنانے کا عمل جاری ہے۔حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے برلن کے مرکزی ریلوے سٹیشن کو بھی خالی کروا لیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ریلوے کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ بم بالکل صحیح حالت میں ہے اور یہ کسی کے لیے بھی فوری طور پر خطرے کا باعث نہیں ہے۔