مشیر خزانہ کی آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی قیادت میں پاکستانی وفد کی آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کے دوران پاکستان کی معاشی کارکردگی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی قیادت میں پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کی سپرنگ میٹنگ 2018میں شرکت کی ، جس میں آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر مٹسو ہیرو فروساوا اور ان کی ٹیم سے ملاقات بھی شامل ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی معاشی کارکردگی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ انہوں نے عالمی بینک ایتھل سنھاوزر سے بھی ملاقات کی جو جنوبی ایشیا ئی خطہ کے لئے عالمی بینک کی جانب سے فرائض سر انجام دے رہی ہیں،اس موقع پر پاکستان میں کئے جانے والے اقدامات اور آئی ایف سی کے جاری منصوبوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مشیرخزانہ نے ا یم ڈی ورلڈ بینک کو بھارت کے متنازع پن بجلی منصوبوں کی تعمیرپرتوجہ دلائی جبکہ ورلڈ بینک کی پاکستان میں مستقبل کیلیے فنڈنگ کابھی جائزہ لیا گیا۔ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنا کرادر ادا کرے۔ان کا کہنا تھا کہ آنےوالے سال میں بھی اقتصادی ترقی کی رفتار جاری رکھنے کیلیے پرعزم ہیں،پاکستان نے بہتر اقتصادی ترقی کی شرح حاصل کی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق ایم ڈی ورلڈ بینک نے حکومت کے ا صلاحاتی عمل کوسراہا اور پا کستان کی ترقی کیلیے تعاون کایقین دلایا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مشیرخزانہ نے بل گیٹس کی طرف سے و زرائے خزانہ کودیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔