سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر دھماکے ، وزیراعظم عمران خان نے پیغام جاری کر دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان دورہ کوئٹہ کیلئے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ دو روزکی مصروفیت کے بعد ایران کے دورے پر روانہ ہوں گے تاہم اس موقع پر انہوں نے سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پیغام جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے دھماکوں کی سخت مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں ، میری ہمدردی ہمارے سری لنکن بھائیوں کے ساتھ ہے ، پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں مکمل اظہار یکجہتی کے ساتھ سری لنکا کے ساتھ کھڑا ہے ۔
یاد رہے کہ آج صبح ایسٹر کی تقریبات جاری تھیں کہ اس دوران سری لنکا کے دو چرچز اور ہوٹلز میں زور دار چھ دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 200 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک سو سے زائد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں ۔