7غیرملکی فضائی کمپنیاں پاکستان کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کریں گی

7غیرملکی فضائی کمپنیاں پاکستان کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کریں گی
7غیرملکی فضائی کمپنیاں پاکستان کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کریں گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان سول ایوی ایشن کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 7سے زائد غیرملکی فضائی کمپنیوں نے پاکستان کیلئے اپنی پروازیں بحال کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور ان غیرملکی فضائی کمپنیوں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی آف پاکستان سے رابطے کر لئے ہیں۔

روزنامہ جنگ کے مطابق ان غیرملکی کمپنیوں میں برٹش ائرویز‘ جرمن فضائی کمپنی لفتھانسا‘ ناروے کی فضائی کمپنی نارویجن ائر‘ سعودی عرب کی ایک نجی فضائی کمپنی کے علاوہ ائرفرانس شامل ہیں‘ جبکہ مزید دو سے تین پرائیویٹ غیرملکی ائرلائنز نے بھی اپنے آپریشنز پاکستان میں شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ برٹش ائرویز اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان مذاکرات بھی آخری مراحل میں داخل ہو گئے ہیں۔ برٹش ائرویز نے تقریباً 10بارہ سال قبل پاکستان میں دہشت گردی کے سنگین خطرات کی بناءپر اپنی پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔ اسکی تقلید میں چند یورپی فضائی کمپنیوں نے بھی پاکستان کیلئے اپنی پروازیں بند کر دی تھیں۔

پاکستان کے مشیر تجارت و ٹیکسٹائل عبدالرزاق داﺅد نے برطانوی ملکہ ایلزبتھ کی 93ویں سالگرہ کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے برٹش ہائی کمشنر کے استقبالیہ کے شرکاءکو بتایا تھا کہ برٹش ائرویز مئی کے اواخر یا جون کے وسط تک پاکستان کیلئے نان سٹاپ پروازیں بحال کر دیگی جس کے فوری بعد 6غیرملکی فضائی کمپنیاں رواں سال میں ہی اپنی پروازیں پاکستان کیلئے شروع کریں گی جس سے کراچی‘ لاہور‘ اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی رونقیں بحال ہو جائینگی۔