’ عمران خان اپنی ٹیم سے دلبرداشتہ ہوچکے ہیں: مولا بخش چانڈیو‘
حیدر آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ٹیم سے دلبرداشتہ ہوچکے ہیں ،ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اسد عمر کو بڑا دانشور کہہ کر لائے تھے لیکن اب کیاہوا؟اسدعمر کو ہٹانے کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی، عمران خان اپنی ٹیم سے دلبر داشتہ ہوچکے ہیں اور ان کی ٹیم میں مزیدتبدیلیاں ہوں گی،وزرا مستعفی ہوئے ہیں تو وزیر اعظم کو بھی مستعفی ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے۔
مولا بخش چانڈیو نے پیپلز پارٹی کے سابق وزرا کو کابینہ میں شامل کرنے پر عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کے سابق وزرا کابینہ میں شامل کیے جا رہے ہیں،آج اس حکومت کو پیپلز پارٹی کے وزیر خزانہ کی ضرورت پڑ گئی، پی ٹی آئی کا پورا حلیہ تبدیل ہوجائے گا ۔
انہوں نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کو ڈرامہ قرار دے دیا ’پہلے کہتے تھے کہ پاکستان کے حکمران بھیک مانگتے ہیں لیکن اب خود بھیک مانگ رہے ہیں، آپ دنیا بھر میں بھیک مانگ رہے ہیں تو لوگوں کو ہاؤسنگ سکیم کیادیں گے‘۔