صرف سیاسی ’شرلیاں‘ چل رہی ہیں،وفاقی وزراء کی تبدیلی پر اپوزیشن کو کچھ ملنے والا نہیں:امیر محمد خان حسن خیلی

دریاخان(ڈیلی پاکستان آن لائن)مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب اور ایم پی اے امیر محمد خان حسن خیلی نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کی تبدیلی پر اپوزیشن کو کچھ ملنے والا نہیں،صرف سیاسی ’شرلیاں‘ چل رہی ہیں،اپوزیشن ناکامی ناکامی کی رَٹ فضول میں لگائے ہوئے ہے،عمران خان نے ایک عظیم قیادت کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی ٹیم میں تبدیلیاں کی ہیں ۔
شیخ شفقت عزیز کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی امیر محمد خان حسن خیلی کا کہنا تھا کہ ضلع بھکر کی تعمیر و ترقی ان کا اور ان کے سیاسی گروپ کا ترجیح وژن ہے،حالیہ بارشوں کے دوران یہاں ہونے والے نقصان پر بھر پور طور پر آفت ذدہ علاقہ قرار دلوا کر متاثرہ کسانوں اور کاشت کاروں کی مالی امداد کرائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان مکمل طور پر وزیر اعلی پنجاب پر اعتماد رکھتے ہیں، صرف سیاسی ’’شرلیاں‘‘ چل رہی ہیں،تحریک انصاف کے ممبران متحد ہیں،حکومت عو ام کی خدمت کو اپنا شعار بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ وز یر اعلی پنجاب نے رمضان پیکیج 2019 کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں 309 رمضان بازار لگائے جائیں گے،رمضان المبارک میں 2 ہزار کے قریب دسترخوان کا اہتمام کیا جائے گا،ماضی کے مقابلے میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے زیادہ سے زیادہ سبسڈی دی جائے گی، رمضان المبارک میں ریلیف کیلئے پوری ٹیم متحرک کردار ادا کرے گی، اشیائے ضروریہ مارکیٹ کے مقابلے میں رمضان بازاروں میں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔