آدمی کی اپنی سابقہ بیگم پر کتے چھوڑنے کی خبر، عرب دنیا میں ہنگامے کے بعد اصل حقیقت سامنے آگئی
عجمان(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان سے گزشتہ دنوں ایک خبر آئی تھی کہ ایک آدمی نے اپنی سابق اہلیہ پر کتے چھوڑ دیئے ہیں۔ اب عجمان پولیس نے اس خبر کی قلعی کھول دی ہے۔ گلف نیوز کے مطابق عجمان پولیس نے بتایا ہے کہ یہ خبر من گھڑت تھی جو ایک ویب سائٹ نے زیادہ ٹریفک حاصل کرنے کے چکر میں پوسٹ کی۔ لوگوں نے اسے سوشل میڈیا پر اتنی تعداد میں شیئر کی یہ فرضی بات اصلی بن کر پوری دنیا میں پھیل گئی۔
عجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ”یہ ویب سائٹ جعلی کمرشل کمپنیوں کی تشہیر بھی کرتی ہے اور اس کے ذریعے بھی ٹریفک حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ وہ ان کمپنیوں کی مختلف پرکشش آفرز کی خبریں لگاتی ہے تاکہ لوگ اس کی ویب سائٹ پر آئیں لیکن حقیقت میں نہ اس نام کی کوئی کمپنی ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی آفر۔“ پولیس کا کہنا ہے کہ ”عجمان پولیس ٹیلی کمیونی کیشنز ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ مل کر ویب سائٹس پر اس طرح کے فرضی مواد کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے اور آئندہ جو ایسا کام کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔“