کراچی کا اگلا میئر پی ٹی آئی کا ہوگا، سندھ میں عنقریب وزیر اعلیٰ بھی تحریک انصاف کا آنے والا ہے: حلیم عادل شیخ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے قائمقام صدر اور پالیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کراچی میں جو تبدیلی کا سفر شروع ہوا تھا اب بلدیاتی الیکشن میں بھی نظر آئیگا ، پنجاب سے نواز شریف مافیا کا خاتمہ ہوچکا ،جلد سندھ سے زرداری مافیا کا بھی خاتمہ ہونے والا ہے،سندھ میں بڑی تبدیلی آنے والی ہے،جلد وزیر اعلیٰ تحریک انصاف کا ہوگا اور کراچی کا اگلا میئر بھی پی ٹی آئی کا ہوگا۔
ملیر میں ’’ورکرز کنونشن ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ملیر کی عوام کو زرداری ٹولے سے نجات دلائیں گے ،پورے سندھ کی طرح ملیر کو بھی پیپلزپارٹی نے تباہ کیا ہے، اب ملیر میں بھی تبدیلی آئیگی۔ 28 اپریل کو کراچی شہر میں پی ٹی آئی کا یوم تاسیس منایا جائے بھرپور طریقے سے یوم تاسیس میں کارکنان شرکت کریں۔ انہوں نے کہا 22 سال پہلے شروع ہونے والی جدوجہد کے نتیجے میں آج عمران خان وزیر اعظم بنے ہیں،سندھ میں زرداری مافیا ہے ،پنجاب میں نواز شریف مافیا موجود تھا، پنجاب سے نواز شریف مافیا کا خاتمہ ہوچکا ہے، سندھ سے زرداری مافیا کا بھی جلد خاتمہ ہونے والا ہے، آج فتح حق کی ہوئی ہے ملک ترقی کی راہ پر چل رہا ہے، تبدیلی پاکستان میں آچکی ہے، سندھ میں آتے آتے رہ گئی ہے، اب سندھ کی عوام تبدیلی کے لئے تیار ہے، زرداری اور ان کا ٹولا بھی اڈیالہ جیل جانے والا ہے، جنہوں نے سندھ کو لوٹا اب ان کا احتساب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کی عوام پر بہت ظلم کیا ہے،حمزہ ککڑی بھی جیل جائیں گے، جنہوں نے عوام کا پیسہ لوٹا ہے کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا ،آج سندھ کی عوام کو کوئی سہولیات میسر نہیں ہیں، نہ تعلیم ہے نہ صحت کی سہولیات ہیں، دونوں پارٹیوں نے عوام کو مقروض بنا دیا جس کی وجہ سے آج مہنگائی بڑھ گئی ہے، جس کے ہاتھ میں عمران خان کا جھنڈا ہے وہ سب ایک ہیں، پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں۔انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں تبدیلی دور نہیں ہے،سندھ میں بڑی تبدیلی آنے والی ہے، سندھ میں جلد وزیر اعلیٰ تحریک انصاف کا ہوگا جبکہ بلدیاتی الیکشن میں کراچی کا اگلا میئر بھی پی ٹی آئی کا ہوگا،کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد اور بھائی چارہ قائم رکھیں۔