اخلاقی تربیت کے بغیر تعلیم فساد کا سبب بنتی ہے ،شیطانی ایجنڈے کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے:حافظ نعیم الرحمن
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم اور تربیت لازم و ملزوم ہیں،اعلیٰ اخلاقی تربیت کے بغیر تعلیم ’’بناؤ‘‘ کی بجائے بگاڑ اور فساد کا سبب بنتی ہے، ہمیں نئی نسل کی تربیت ایسے خطوط پر کرنی ہوگی جس سے تیار ہونے والا اچھا طالب علم ،مثالی عالم ، بہترین حافظ بننے کے ساتھ اچھا داعی اور مسلمان بھی ہو۔
جامعہ الامام نعمان بن ثابتؒ میں تکمیل حفظ قرآن و تقسیم و انعامات سے خطاب کرتے ہوئےحافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ بچے ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی اگر بہتر خطوط پر تعلیم و تربیت کی جائے تو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دینی اداروں کو بچوں کی ایسے خطوط پر تربیت کرنی چاہئے جس سے وہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے حیائی و فحاشی کی روک تھام کے لیے جدوجہد کرسکیں،ہم ملک میں کسی غیر ملکی اور شیطانی ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،جامعۃ الامام نعمان بن ثابتؒ اس حوالے سے نمایاں ہے کہ یہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ عمدہ تربیت کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے آج د نیا بھر میں دہشت گردی کا سبب بننے والے ممالک بھی مسلمانوں کو دہشت گردی کے طعنے دے رہے ہیں جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے ،ہم اپنی صفوں میں اتحاد اوراتفاق پیدا کر کے ملک و قوم کے خلاف سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں ۔