محکمہ صحت پنجاب کا فرانزک ٹیم سری لنکا بھیجنے کا فیصلہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سری لنکا میں دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے لیے محکمہ صحت پنجاب معاونت کرے گا ،جس کے لیے فرانزک ٹیم سری لنکا بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ہمایوں تیمور کی سربراہی میں تین رکنی فرانزک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو وہاں جا کر لاشوں کی شناخت کرے گی۔سری لنکن حکومت نے فرانزک کے لیے پاکستان سے مدد کی اپیل کی تھی جس کے بعد فرانزک ٹیم نے سری لنکا میں فرانزک ٹیموں سے رابطہ کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں مسیحی برادری کے بڑے تہوار’ایسٹر ‘ کے موقع پر ہونے والے خوفناک بم دھماکوں میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق کم از کم 208 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں،سری لنکا میں تین گرجا گھروں اور 3 ہوٹلوں سمیت 8 مقامات کو نشانہ بنایا گیا ,سری لنکن حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے،خطرناک بم دھماکوں کے بعد سری لنکا کی حکومت نے پورے ملک میں کرفیو نافذ کر دیاہے۔دوسری طرف وزیر اعظم پاکستان عمران خان سمیت دنیا بھر کے سربراہان نے سری لنکا میں ہونے والے ہولناک دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔