عثمان بزدار کے دیپالپور، چشتیاں اور ساہیوال کے ہنگامی دورے، جائیدادوں پر سٹیمپ ڈیوٹی میں کمی اور انسداد ذخیرہ اندوزی کے آرڈیننس لانے کا اعلان

      عثمان بزدار کے دیپالپور، چشتیاں اور ساہیوال کے ہنگامی دورے، جائیدادوں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اوکاڑہ/ساہیوال/لاہور(بیورورپورٹ،جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار نے دیپالپور، چشتیاں اور ساہیوال کے طوفانی دورے کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تینوں شہروں کے ہسپتالوں میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات اور آئسولیشن وارڈز میں طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گندم خریداری مراکز کے بھی دورے کئے اور کاشتکاروں کی سہولت کیلئے مراکز پر کئے جانے والے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دیپالپور میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں مردوں اور خواتین کیلئے بنائے گئے آئسولیشن وارڈز کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال میں ڈائلسیز سینٹر بھی دیکھا اور ڈائلسیز سینٹر میں گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے طبی سہولتوں کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا سے نمٹنے کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔منتخب نمائندے انتظامیہ اور پولیس متحرک انداز میں اپنے فرائض جاری رکھے ہوئے ہیں۔موجودہ حالات میں ذمہ داری بڑھ گئی ہے، فرائض کو عبادت سمجھ کر سرانجام دینا ہوگا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دیپالپور میں گندم خریداری مرکز کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے سینٹر پر موجود کاشتکاروں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حکومت نے ہماری سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ہر صورت کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے زیرصدارت اوکاڑہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات، گندم خریداری مہم اور انسداد ڈینگی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس جس میں صوبائی وزرا پیر سید صمصام علی شاہ بخاری،نعمان لنگڑیال،اعجاز عالم آگسٹین۔کمشنر ساہیو ال احسن وحید،آر پی او ہمایوں بشیر تارڈ،ڈپٹی کمشنر عثمان علی،ڈ ی پی او عمر سعید ملک،تحریک انصاف کے ضلعی صدر سید عباس رضا رضوی،تحصیل دیپالپور کے صدر سردار علی حیدر وٹو،ٹکٹ ہولڈر ز چوہدری سلیم صادق،چوہدری عبد اللہ طاہر،راؤ حسن سکندر،میاں خرم جہانگیر وٹو،میاں معظم جہاں زیب وٹو،میڈ م روبینہ شاہین وٹو،سید گلزار سبطین،چوہدری طارق ارشاد،رائے حماد اسلم کھرل،مہر جاوید،سید حسان بخاری،عبدالحمید جج،میاں حمزہ اکرم، آصف گجرسمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے اور انتظامی افسران متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چشتیاں کا بھی دورہ کیا اور احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے کے سنٹر کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سینٹر پر مالی امداد کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مستحق خواتین سے سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت لاکھوں مستحق افراد میں اربوں روپے کی مالی امداد تقسیم کی جا چکی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں مالی امداد کی تقسیم کا ایسا شفاف پروگرام کبھی نہیں آیا۔مالی امداد کوئی احسان نہیں بلکہ یہ وہ حق ہے جو ریاست مستحق افراد کو لوٹا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چشتیاں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کے مریضوں کیلئے قائم وارڈ کا معائنہ کیا اور علاج معالجہ کے لئے سہولتوں کا بھی مشاہدہ کیا اور آئسولیشن وارڈ میں انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف قوم کے محسن ہیں۔ یہ وقت دکھی انسانیت کی خدمت کا ہے۔ پنجاب حکومت ڈاکٹرز کی ہر ممکنہ حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دانش سکول چشتیاں میں شجرکاری مہم کے تحت سکول کے لان میں پودا لگایا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت چشتیاں میں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چشتیاں سمیت بہاولنگر میں صحت کی سہولتوں کیلئے ضروری وسائل فراہم کریں گے۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بہاولنگر کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں کورونا کی صورتحال، مریضوں کے علاج معالجے، گندم خریداری مہم اور انسداد ڈینگی کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا، طاہر بشیر چیمہ، شوکت بسرا، بہاولنگر کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز،تحریک انصاف کے ضلعی صدر، جنرل سیکرٹری اور انتظامی و پولیس حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کیلئے بنائے جانے والے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کیا اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبے دیکھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال میں دل کے امراض کے علاج کیلئے سہولت موجود نہیں۔ انشاء اللہ اس ہسپتال میں کارڈیک سینٹر بنایا جائے گا اور ساہیوال میں چلڈرن ہسپتال بھی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب میں تعمیراتی سیکٹر کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں سٹیمپ ایکٹ میں ترمیم کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں پنجاب کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ اسی طرح پنجاب میں انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس 2020 کا اجراء کیا جا رہا ہے اور اس کی کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صحافیوں کیلئے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں صحافی کالونی بنائی جائے گی۔ اس سلسلے میں میں نے ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈپٹی کمشنر آفس ساہیوال میں کورونا کنٹرول روم کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کنٹرول روم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت سرکٹ ہاؤس ساہیوال میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء سید صمصام بخاری، نعمان لنگڑیال،رائے حسن نواز خاں،ضلعی صدر رانا آفتاب،میاں نوید اسلم،سید رضوان شاہ اور دیگر انتظامی افسربھی موجود تھے۔ اجلاس میں انسداد کورونا کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گندم خریداری مہم اور ڈینگی کے سدباب کیلئے کئے جانے والے انتظامات بھی غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ منتخب نمائندے اور انتظامی افسران عوام کی خدمت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت دکھی انسانیت کے دکھ بٹانے کا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -