رمضان میں عبادات سے متعلق حکومتی احکامات پر عمل کریں، مفتی منیب الرحمن
کراچی(این این آئی)مفتی منیب الرحمن نے پاکستان بھر کی مساجد کے ائمہ وخطباء اور انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ پنج وقتہ نماز وں،جمعہ اور رمضانالمبارک میں صدرِپاکستان کی طرف سے متفقہ طور پر جاری کردہ بیس نکاتی ضابطہ کار کی پابندی کریں، اگر کہیں خلاف ورزی ہوئی تو حکومت کو کارروائی کا اختیار ہے۔ شہروں کے گنجان آباد بستیوں میں جہاں مسجدیں سائز کے اعتبار سے چھوٹی ہیں،وہ عذر کی بنا پر جمعہ کے دن ایک گھنٹے کے وقفے سے دو جماعتوں کا اہتمام معہ خطبہ کرسکتے ہیں،کیونکہ پوری دنیا ایک اضطراری صورتِ حال سے گزر رہی ہے۔مثلاپہلا جمعہ ایک بجے ادا کیا جائے اور خطبہ ونماز ودعا پندرہ سے بیس منٹ میں مکمل کرلی جائے اور پھر لوگوں کو ترتیب سے مسجد سے روانہ کیا جائے،ڈیڑھ بجے تک مسجد خالی ہوجائے، اس کے بعد دو بجے دوسرا خطیب اذان اور خطبے کے ساتھ جمعے کی دوسری نماز قائم کرلیں، اسے عام معمول بنانا درست نہیں ہے، یہ صرف موجودہ ہنگامی صورتِ حال کے لیے ہے۔
منیب الرحمن