کرونا وباء میں ایل او سی پر بھارتی جارحیت، کشمیریوں پر مظالم پر اظہار تشویش

کرونا وباء میں ایل او سی پر بھارتی جارحیت، کشمیریوں پر مظالم پر اظہار تشویش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی اور قومی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر صدرمملکت عارف علوی نے کرونا سے نمٹنے کے حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور وزیراعظم کی جانب سے ترقی پذیرممالک کے قرضوں کی ادائیگی کو مؤخر کرنے کی اپیل کو بھی سراہا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا حکومت مستحق افراد کی مدد کیلئے احساس پروگرام سمیت ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے۔ملاقات میں علماء کرام سے طے کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ وزیراعظم نے صدر مملکت کی طرف سے رمضان میں عبادات کے حوالے سے علماء کرام میں اتفاق رائے پیداکرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات کے دوسرے مرحلے میں ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ اور خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی، جبکہ کروناکے بہانے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اس دوران کرونا کے موجودہ بحران کے باوجود مقبوضہ کشمیرکے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔قبل ازیں صدر مملکت عارف علوی نے ممتاز مذہبی سکالر مفتی محمد نعیم سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر موذی مرض کرونا کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ علماء کرام کاعوام میں کرونا سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں انتہائی اہم کردار ہے۔ اس موقع پر مفتی محمد نعیم نے مساجد میں نماز اور تراویح کی ادائیگی سے متعلق صدر مملکت کی قیادت میں 20 نکاتی فیصلے پر مبارکباد پیش کی۔
صدر مملکت

مزید :

صفحہ اول -