عمر اکمل کیس کی سماعت 27 اپریل کو ہو گی، پی سی بی اور بیٹسمین کو نوٹس جاری

عمر اکمل کیس کی سماعت 27 اپریل کو ہو گی، پی سی بی اور بیٹسمین کو نوٹس جاری

  

لاہور: (سپورٹس رپورٹر) چیئر مین ڈسپلنری پینل جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے 27 اپریل کو کیس کی سماعت کے لئے عمر اکمل اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔کیس کی سماعت نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہو گی، اس دوران تمام احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلوں کو سختی سے یقینی بنایا جائے گا۔عمر اکمل نے اینٹی کرپشن ٹریبونل میں سماعت کے لیے درخواست نہیں کی تھی، عمر اکمل کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کے ٓرٹیکل 2.4.4 کی دو مرتبہ خلاف ورزی پر نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا۔جب تک ڈسپلنری پینل کے چیئر مین عوامی فیصلے کا اعلان نہیں کر دیتے پی سی بی اس معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کرے گا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء سے قبل عمر اکمل کو معطل کر دیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا جس کے بعد عمر اکمل اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فی الحال عمر اکمل کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں لہٰذا بورڈ اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عمر اکمل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے پی ایس ایل میں حصہ نہیں لے سکتے اس لیے تحقیقات کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 2020ء کے لیے عمر اکمل کے متبادل کھلاڑی کا انتخاب کرنے کی اجازت ہو گی۔ذرائع کے مطابق عمر اکمل کو مبینہ طور پر اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی گئی تھی جس سے متعلق انہوں نے بروقت پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ نہیں کیا تھا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -