ذخیرہ اندوزوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی، اعجاز چودھری

  ذخیرہ اندوزوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی، اعجاز چودھری

  

 لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ذخیرہ اندوزی اوراسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف آرڈیننس لانااحسن اقدام ہے جس کو پوری قوم نے بے حد سراہا ہے، وفاقی کابینہ کی جانب سے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آرڈیننس کی منظوری دینے کے بعد صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ذخیرہ اندوزی سے متعلق آرڈیننس پر دستخط کر دیے جو کہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس کی موجودہ صورتِ حال میں کسی کو ناجائز فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے،ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ ملکی معیشت کے لئے ایک ناسور ہے اسی لیے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ترین بھر پور ایکشن کی تیاری کی گئی ہے، ایسی عوام اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی فوری نشاندہی کرکے ان کو قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جائیں گی، آرڈیننس کے مطابق ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کو 3 سال کی سزا دی جائیگی اور مال بھی ضبط کرلیا جا ئے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ آرڈیننس غیر قانونی راستوں سے اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف ہے،اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے حکومت خصوصی اقدامات کر رہی ہے، اس کی روک تھام کے لیے انٹیلی جینس ایجنسیوں کی خدمات بھی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے حاصل کی جائیں گی،سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے اشیاء کی مصنوعی قلت اور قیمتوں میں ناجائز اضافے کا بوجھ غریب عوام برداشت کرتے ہیں،اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی ملکی معیشت کے لیے ناسور ہے اس کو جڑ سے ختم کرکے دم لیں گے

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -