پاک،جاپان تعلقات میں اردو زبان کا اہم کردا ر ہے،پروفیسر زاہد
لاہور (لیڈی رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی شعبہ اردو کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر زاہد منیر عامر نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان دوستی کے گہرے رشتوں میں منسلک ہیں اس تعلق میں اردوزبان وادب نے اہم کرداراداکیاہے، جاپان کی اوساکا یونی ورسٹی میں گزشتہ اٹھانوے برس سے شعبہ ارودقائم ہے جب کہ ٹوکیو یونیورسٹی میں پچھلے ایک سودس برس سے شعبہ اردوکام کررہاہے،اس طرح جاپان کے اردو سے تعلق کو ایک صدی سے زیادہ عرصہ گزرچکاہے۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی شعبہ اردو سے اردو کورس کی تکمیل کرکے جاپان واپس جانے والے طالب علموں کو رخصت کرتے ہوئے کیا۔ اوساکایونی ورسٹی جاپان سے آئے ہوئے مہمانوں میں محترمہ توموکا فوکاساوا، رینوسوکی شیراکاوا، دائچی موروتانی نے غیرملکی طالب علموں کے لیے شعبہ اردو پنجاب یونی ورسٹی اورینٹل کالج کے اردوڈپلوما پروگرام(فال سمسٹر اکتوبر۲۰۱۹ء تا مارچ ۲۰۲۰ء) میں شرکت کی اورکورس کی تکمیل پر وہ اپنے وطن جاپان واپس روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر شعبہ اردوکی طرف سے انھیں کورس کی تکمیل کے سرٹیفکیٹ اور تحائف پیش کیے گئے۔انھوں نے کہاکہ پاکستان میں ان کا قیام بہت یادگاررہا اور وہ ان دنوں کو جو انھوں نے شعبہ اردواورینٹل کالج میں گزارے کبھی بھلانہیں سکیں گے۔وہ اپنے قیام کے دوران شعبہ اردومیں کثرت سے منعقدہونے والی علمی و ادبی تقریبات میں بھی شرکت کرتے رہے،انھوں نے شعبہ کے صدر ڈاکٹرزاہدمنیرعامر کے تعاون اور رہنمائی پر ان کا شکریہ اداکیا اور اس عزم کا اظہارکیاکہ وہ مستقبل میں بھی اردوسے اپنے تعلق کو کمزورنہیں ہونے دیں گے۔اس موقع پر جاپانی سکالرایریکا کاگاوا بھی موجودتھیں۔