کپاس کے کاشتکاروں کیلئے سفارشات جاری،زراعت پنجاب

  کپاس کے کاشتکاروں کیلئے سفارشات جاری،زراعت پنجاب

  

لاہور(کامرس ڈیسک)محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کاشتکار 21اپریل تا 10 مئی تک کاشتہ فصل کیلئے فی ایکڑ پودوں کی تعداد 17ہزار5سو سے 20ہزار تک اور درمیانی فاصلہ9 سے12 انچ رکھیں۔ کپاس کی کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں۔زمین کی تیاری اس طرح کی جائے کہ کھیت ہموار،زمین نرم اور بھربھری ہو۔کپاس کی بی ٹی اقسام آئی یو بی13،ایف ایچ142،ایم این ایچ886،نیاب 878،بی ایس15 اور نان بی ٹی اقسام نیاب کرن یکم اپریل کے بعد کاشت کریں۔کاشتکار کپاس کی دوسری منظور شدہ بی ٹی اقسام کا انتخاب اپنے علاقے،زمین کی قسم،پانی کی دستیابی اور محکمہ زراعت(توسیع) کے مقامی عملے کے مشورہ سے کریں۔بی ٹی اقسام کے ساتھ 10 فیصد رقبہ نان بی ٹی اقسام بھی کاشت کریں تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا ہو سکے۔

اگر بیج کا اْگاؤ 75 فیصد یا زیادہ ہو تو کاشت کیلئے بْر اترا ہوا 6کلو گرام جبکہ بْردار بیج8 کلو گرام فی ایکڑ استعمال کریں۔کاشتکار بوائی سے قبل بیج کو مناسب کیڑے مار دوائی لگا لیں تاکہ فصل ایک ماہ تک رس چوسنے والے کیڑوں بالخصوص سفید مکھی کے حملے سے محفوظ رہے۔بیج کو بیماریوں سے بچانے کیلئے محکمہ زراعت(توسیع) کے عملہ کے مشورہ سے مناسب پھپھوندی کْش زہر بھی لگا لیں۔کپاس کی کاشت ترجیحاً پٹریوں پر کریں جس کیلئے مشینی طریقہ استعمال کریں یا ہاتھ سے چوپا لگائیں۔اگر کپاس کی کاشت ڈرل سے کرنی ہو تو قطاروں کا فاصلہ اڑھائی فٹ رکھیں اور جب پودوں کا قد ایک سے دو فٹ ہو جائے تو پودوں کی ایک لائن چھوڑ کر دوسری لائن پر مٹی چڑھا دیں،پٹریوں پر کاشتہ فصل میں جڑی بوٹیوں کا انسداد آسان، کھادوں کا استعمال بہتر، پانی اور بارشوں سے ہونے والے نقصان سے بھی بچت ہوتی ہے۔ڈرل سے کاشتہ فصل کیلئے پہلی آبپاشی بوائی کے 30تا 35دن بعد اور بقیہ 12سے15 دن کے وقفے سے کریں۔پڑیوں پر کاشتہ فصل کیلئے بوائی کے بعد پہلا پانی 3 تا4 دن،دوسرا، تیسرا اور چوتھا پانی6 تا7 دن کے وقفے سے جبکہ بقیہ پانی 12 دن کے وقفے سے حسبِ ضرورت لگائیں۔کاشتکار پودوں کی تعداد پوری کرنے کیلئے چھدرائی کے عمل سے زائد پودے نکال دیں۔چھدرائی کا عمل بوائی کے 20 تا 25دن کے اندریا پہلے پانی سے پہلے یا خشک گوڈی کے بعد ہر حالت میں ایک ہی دفعہ میں مکمل کریں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہمحکمہ زراعت امسال دو لاکھ ایکڑ کیلئے کپاس کا تصدیق شدہ بیج 1ہزار روپے فی بیگ کی رعایتی قیمت پر فراہم کر رہا ہے۔کاشتکار پنجاب سیڈ کارپوریشن سے تصدیق شدہ بیج رعایتی قیمت پر حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید :

کامرس -