کورونا کے مریضوں کا موثر طریقے سے علاج کیا جا رہا ہے: ڈاکٹر مظہر کلہوڑو

کورونا کے مریضوں کا موثر طریقے سے علاج کیا جا رہا ہے: ڈاکٹر مظہر کلہوڑو

  

حیدرآباد(بیورورپورٹ)لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مظہر علی کلہوڑو نے کہا ہے کہ سول ہسپتال حیدرآباد اور جامشورو میں کورونا سے متاثر مریضوں کا موثر طریقے سے علاج کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ اس وباء سے بھرپور انداز سے نمٹا جاسکے۔ وہ مختلف سیاسی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شوکت علی لاکھو، اے ایم ایس ڈاکٹر وقار محمود میمن، کورونا وائرس کے فوکل پرسن ڈاکٹر آفتاب پھل اور دیگر بھی موجو دتھے۔ڈاکٹر مظہر علی کلہوڑو نے کہا کہ سول ہسپتال حیدرآباد اور جامشورو میں کورونا کے متاثرین کے علاوہ دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج بھی معمول کے مطابق جاری ہے اس سلسلے میں او پی ڈی کو صبح 8بجے سے دوپہر2بجے تک کیلئے کھولا گیا ہے جہاں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹر روزانہ آنے والے ہزاروں مریضوں کا طبی معائنہ کرنے کے علاوہ انہیں ادویہ بھی فراہم کرتے ہیں، اسی طرح ایم آر آئی، سی ٹی اسکین اور لیبارٹری میں ٹیسٹ کی مفت سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہے، انہوں نے بتایا کہ آئی سی یو اور ٹراماٹالوجی ڈپارٹمنٹ بھی معمول کے مطابق کام کررہے ہیں اور ان میں زیر علاج مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کی جاتی ہے، انہوں نے کہاکہ سول ہسپتال حیدرآباد اور جامشورو میں سندھ کے مختلف اضلاع سے آنے والے مریضوں کا بلاتفریق علاج کیا جارہا ہے، البتہ کورونا وائرس کے اثرات سے بچنے کیلئے سول ہسپتال حیدرآباد کے ایمرجنسی میں سینٹائزر گیٹ لگایا گیا ہے جس سے گزر کر مریض اندر جاتے ہیں تاکہ وہ جراثیم سے محفوظ رہ سکیں، اس کے بعد وہاں انہیں کورونا فلٹریشن ڈیسک پر لے جایا جاتا ہے جہاں موجود سینئر ڈاکٹر ان کا کورونا کے حوالے سے مکمل معائنہ کرنے کے بعد اگر وہ اس وائرس کا شکار نہیں ہوتے تو انہیں متعلقہ وارڈز میں منتقل کردیا جاتا ہے، انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے جاری کی گئی تمام ایس او پیز کو مد نظر رکھ رہے ہیں اور اس حوالے سے مسلسل صوبائی حکومت اور اس کے متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -