کورونا کے خلاف سولجرز کا کردار ادا کرنے والوں کو میئر سکھر کا خراج تحسین

  کورونا کے خلاف سولجرز کا کردار ادا کرنے والوں کو میئر سکھر کا خراج تحسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سکھر (بیورورپورٹ) کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کرنے والوں کو میئر سکھر کا زبردست خراج تحسین‘ مشکل ترین وقت میں خدمات انجام دینے والوں کے اعزاز میں واکنگ ٹریک پر دنیا کا سب سے بڑا سفید پرچم لہرا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر کورونا جیسے مہلک اور جان لیوا وائرس کے خلاف اول دستے کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز‘ طبی عملے‘ قانون نافذ کرنے والے ادارے‘ فورسز‘صحافیوں‘عملہ صفائی‘ میونسپل ملازمین و دیگر اداروں کے عملے کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے سکھر کے واکنگ ٹریک پر 56x84 فٹ طویل اور 50 کلو وزنی دنیا کے سب سے بڑے سفید پرچم کو لہرایا گیا اور قومی ہیروز کو سندھ کی ثقافتی اجرک اور ٹوپی بھی پیش کی۔اس موقع پر کرنل اکرام HQ، 16 ڈویژن پنوعاقل، رینجرز ونگ کمانڈر کرنل عمران‘ ڈپٹی کمشنر رانا عدیل تصور‘ ایس ایس پی سکھر عرفان سموں‘ ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان‘ میونسپل کمشنر محمد علی شیخ‘ ایم ایس سول ہسپتال‘ ڈاکٹرز و دیگر بھی موجود تھے‘ پرچم کشائی کے موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے سماجی فاصلے کا خاض خیال رکھا گیا جبکہ واکنگ ٹریک پر واش بیشن اور واکنگ تھرو سینی ٹائزز گیٹس بھی نصب کئے گئے تھے۔ مئیر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں فرنٹ لائن دستے کا کردار ادا کرنے والوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آپ کیساتھ کھڑی ہے‘آپ لوگ ہی ہمارے حقیقی ہیروز ہیں‘ اپنی اور اپنی فیملیوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال کر جس طرح کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں آپ لوگوں نے کردار ادا کیا ہے وہ لائق تحسین اور قابل ستائش ہے۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے قومی ہیروز کو سلام بھی پیش کیا۔ آخر میں اللہ کے حضور کورونا جیسے جان لیوا وائرس سے نجات کی دعا بھی کروائی گئی۔