گورنر سندھ سے آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے وفد کی ملاقات

    گورنر سندھ سے آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے وفد کی ملاقات

  

کراچی (اسٹاف رپورٹرت)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے وفد نے انجمن کے قائم مقام صدر جاوید قریشی کے ہمراہ گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ اور خرم شیر زمان بھی موجود تھے۔ملاقات میں کورونا وائرس، لاک ڈاؤن، تاجروں کو درپیش مشکلات، میں کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ معاشی ترقی میں تاجربرادری انتہائی کلیدی اہمیت کی حامل ہے بالخصوص صوبہ کے تاجر وں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے موجودہ حکومت تاجروں کو ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس عالمی وباء بن چکی جس سے پاکستان بھی شدید متاثر ہورہا ہے اس ضمن میں انتہائی مجبوری میں سخت فیصلے کرنے پڑے،وزیراعظم کو عام آدمی کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان باربار اس بات کااظہار کررہے ہیں کہ ایک طرف کورونا وائرس تو دوسری جانب غربت و افلاس ہے وزیراعظم چاہتے ہیں کاروباری سرگرمیوں کو جامع و مربوط حکمت عملی کے ساتھ جاری رکھا جائے۔ گورنرسندھ نے تاجروں پر زور دیا کہ آپ مختلف شعبوں کے لئے احتیاطی تدابیر پر مشتمل ایس او پی بنا کر دیں تاکہ اس کی روشنی میں بھرپور اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔ وفد کے سربراہ جاوید قریشی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث کاروبار زندگی لاک ڈاؤن کی نظر ہوگیا ہے اس صورتحال میں تاجروں کو معاشی دشواریوں کا سامنا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -